|

وقتِ اشاعت :   September 20 – 2017

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ خان زہری نے سوئیٹزرلینڈ میں بلوچستان کی نام نہادآزادی کے نعروں پرمشتمل پاکستان مخالف پوسٹروں اوربینروں کی تنصیب کے عمل کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے اسے پاکستان کی خودمختاری اورسا لمیت کے خلاف حملہ قراردیاہے۔

اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ کسی خودمختاراورآزاد ریاست کے خلاف دوسری ریاست میں اس قسم کی غیراخلاقی مہم بین الاقوامی سفارتی اصلوں کے سراسرمنافی ہیں اورسوئیٹزرلینڈ کی حکومت کواس کا فوری نوٹس لیناچاہیے اوراس میں ملوث عناصر کے خلاف کاروائی کی جانی چاہیے ۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ نا م نہاد آزادی کا نعرہ لگانے والے بلوچستان کے عوام سے مایوس ہوکر پاکستان کے دشمنوں کے اشاروں پر اب بین الاقوامی سطح پر بے بنیاد اورمنفی پروپیگنڈہ کرکے توجہ حاصل کرناچاہتے ہیں تاہم انہیں اس میں بھی ناکامی ہوگی بلوچستان اورپاکستان ایک دوسرے کیلئے لازم وملزوم ہیں اوربلوچستان کو پاکستان سے کوئی جدانہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے محب وطن اورباشعورعوام نے آزادی کے نام نہاد نعرے کوسختی سے مسترد کرکے اپنے ذاتی مفادات کے حصول کیلئے بیرون ممالک عیش وعشرت کی زندگی گذارنے والے را کے ایجنٹوں کوواضح طورپرپیغام دے دیاہے کہ وہ کسی کے بہکانے اورورغلانے میں نہیں آئیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستان مخالف نام نہاد لیڈروں کے ہاتھ ہزاروں بے گناہ لوگوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں ،اس وقت دنیابھرکودہشت گردی کے جس چیلنج کا سامنا ہے اس کے تناظرمیں عالمی برداری کو معصوم لوگوں کے قتل میں ملوث ان قاتلوں کا نوٹس بھی لیناچاہیے ۔

انہوں نے کہاکہ ان عناصر کے خلاف ریڈوارنٹ بھی جاری ہوچکے ہیں سوئٹزرلینڈاورانگلینڈکی حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ انہیں گرفتارکرکے پاکستان کے حوالے کریں۔

وزیراعلیٰ نے پاکستان مخالف مہم پر سوئزرلینڈ کے سفیر کی دفترخارجہ طلبی اورپاکستان کے شدید احتجاج پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ اوردوست ممالک کے ساتھ اس مسئلے کو پوری شدت کے ساتھ اُٹھائے گا ۔