|

وقتِ اشاعت :   September 20 – 2017

کوئٹہ: ڈیرہ بگٹی میں سیکورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں دو افراد جاں بحق کاہان سے لاش برآمد کیچ سے سات افراد کو اغواء کر لیاگیا، فائرنگ سے ایک شخص زخمی۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے نواحی علاقے لیٹرو پٹی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ایف سی نے سرچ آپریشن کیا جس کے دوران دہشت گردوں کے دو کیمپ تباہ کردیے گئے جبکہ بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشتگرد مارے گئے جن کی شناخت تھنگو عرف تولہ اور کمانڈر کلیری کے نام سے ہوئی ہے ۔دونوں ملزمان سیکورٹی فورسز کو انتہائی مطلوب تھے۔ لاشیں ضروری کارروائی کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردی گئیں، کوہلو کے تحصیل کاہان کے علاقے نساؤ میں کمال خان نامی شخص کا تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی جسے لیویز نے قبضے میں لے کر ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں لاش کو ضروری کاروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔

کیچ کی سب تحصیل زعمران کے علاقے بسد سے نامعلوم ملزمان نے سات افراد کو اغواء کرلیا اور اپنے ہمراہ نامعلوم مقام کی طرف لے گئے۔مغویوں میں اختر ،خلیل، شعیب، انیل ،زبیر ، بالاچ اور آصف شامل ہیں جو مقامی بتائے جاتے ہیں۔

پنجگور اور کیچ کی ضلعی انتظامیہ کے درمیان حدود کے تنازع کے باعث مقدمہ درج نہ ہوسکا،کیچ ہی کے علاقے تمپ میں نذر آباد کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ملا شہداد کو زخمی کر دیا جس کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا مزید کا رروائی مقامی انتظامیہ کر رہی ہے ۔