|

وقتِ اشاعت :   September 20 – 2017

اسلام آباد: سابق سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ جنیوا میں آزاد بلوچستان کے حوالے سے جو مہم چلائی جارہی ہے اس کے خلاف پارلیمنٹ سے مذمتی قرارداد منظور کی جانی چاہیے‘ مقبوضہ کشمیر اور برما میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر سوئٹزرلینڈ میں ایسے اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔

منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پر انہوں نے کہا کہ جنیوا میں بلوچستان کے حوالے سے جو کچھ ہوا ہے اس بارے میں پارلیمنٹ سے ایک مضبوط پیغام جانا چاہیے تھا۔ وزارت خارجہ نے سوئٹزرلینڈ کے سفیر کو ضرور طلب کیا ہے تاہم یہاں سے مذمتی قرارداد جانی چاہیے تھی۔

کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں۔ برما میں انسانیت سوز مظالم کا اس طرح نوٹس نہیں لیا گیا۔ بلوچستان اسمبلی سے ایسی مذمتی قرارداد جانی چاہیے تھی۔ ذاتیات سے بالاتر ہوکر پاکستان کے لئے بات کریں۔ پارلیمنٹ کی بالادستی پارلیمنٹ کے کردار ادا کرنے سے ہی ہوگی۔