|

وقتِ اشاعت :   September 20 – 2017

 اسلام آباد: وزیر دفاع خرم دستگیر نے کہا ہے کہ سی پیک کے روٹ پر دہشت گردی میں بھارت ملوث ہے۔

اسلام آباد میں سی پیک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خرم دستگیر نے کہا کہ سی پیک سے تمام ممالک استفادہ کرسکتے ہیں تاہم راہداری کے روٹ پر دہشت گردی میں بھارت ملوث ہے، جاسوس کلبھوشن یادیو کی گرفتاری اس کا ثبوت ہے، بھارت کو خطے کے امن کا مکمل ضامن کہنا بالکل غلط ہے، خطے کے ممالک کے خاطر خواہ ترقی نہ کرنے کی وجہ آپس کے سیاسی اور جغرافیائی اختلافات ہیں اور پاک بھارت کشیدگی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔

خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبہ کو متعدد چیلنجز درپیش ہیں اور چین کو بھی خطے میں محدود کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، پاک چین تعاون کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ علاقائی ترقی کے لئے ہے، مسائل کا حل مذاکرات سے نکالا جا سکتا ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ امریکہ کی پالیسی کو کئی ممالک نے قبول نہیں کیا، اس پالیسی میں متعدد اسٹریٹجک غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں اور علاقائی امن کیلئے پاکستانی کردار اور قربانیوں کو بھی نظر انداز کیا گیا۔

خرم دستگیر نے مزید کہا کہ بھارت اپنے داخلی مسائل کا ذمہ دار پاکستان کو قرار دے رہا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں بنیادی حقوق کی جدوجہد کو ریاستی جبر سے دبایا جا رہا ہے، مسئلہ کشمیر حل کرکے بہتری کی طرف بڑھا جاسکتا ہے۔