|

وقتِ اشاعت :   September 20 – 2017

نیویارک: ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا ہے ایران کبھی جوہری معاہدے کو نقصان پہنچانے میں پہل نہیں کرے گا البتہ جوہری معاہدے کو نقصان پہنچا تو بہت افسوس ہو گا اور امریکا معاہدے سے پیچھے ہٹ کر اپنی ساکھ  کو نقصان پہنچائے گا جب کہ ہم کسی کی دھمکیوں سے پیچھے ہٹنے والے نہیں۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے صدرحسن روحانی کا کہنا تھا کہ امن کے خواہاں اور مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں اور ہمیں اپنی عوام کا بھرپور اعتماد حاصل ہے، جدیدیت آزادی اور جمہوریت میں ہے، ہم نے کبھی بھی جوہری افزودگی کا ارادہ نہیں کیا جب کہ ہمارے میزائل خطے میں امن اور استحکام قائم رکھنے کے لیے ہیں۔

حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ایران کبھی بھی امریکا سمیت 6 عالمی طاقتوں کے ساتھ طے پانے والے جوہری معاہدے کو نقصان پہنچانےمیں پہل نہیں کرے گا البتہ جوہری معاہدے کو نقصان پہنچا تو اس پر بہت افسوس ہو گا جب کہ امریکا معاہدے سے پیچھے ہٹ کر اپنی ساکھ کو نقصان پہنچائے گا اور کسی کی دھمکیوں سے پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنرل اسمبلی میں امریکی صدر کی تقریر نامناسب تھی جب کہ جوہری معاہدہ کسی ایک ملک سے نہیں پوری عالمی برادری سے منسلک ہے۔

ایرانی صدر نے کہا کہ باہر والے ہمارے خطے میں بگاڑ کا سبب بن رہے ہیں، یمن، شام اور بحرین میں فوجی حل ممکن نہیں کیوں کہ ہر مسئلے کا حل صرف مذاکرات اور بات چیت میں ہے۔