|

وقتِ اشاعت :   September 21 – 2017

کوئٹہ: انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان احسن محبوب نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں سیکورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے تمام امام بارگاہوں تکیہ خانوں اور مجالس کے موقع پر سخت سیکورٹی انتظامات ہونگے ۔

اسکے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائینگے شہر کے خارجی اور داخلی راستوں پر سخت چیکنگ کی جائیگی سینٹرل پولیس آفس کوئٹہ میں کنٹرول روم قائم کرکے بلوچستان بھر میں یکم محرم الحرام سے موثررابطے رہینگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز آئی جی آفس کوئٹہ میں امن وامان سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران پولیس آفیسران سے گفتگو کے دوران کیا

اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ایوب قریشی ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی چوہدری منظور سرور،ریجنل پولیس آفیسر و ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس آف کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ،ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز احمد گورائیہ،ایس ایس پی آپریشن نصیب اللہ خان،ایس پی اسپیشل برانچ،ایس پی کرائم برانچ سمیت دیگر پولیس آفیسران موجود تھے ۔

آئی جی پولیس بلوچستان احسن محبوب نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی سخت سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے یکم محرم الحرام سے سیکورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ضرورت پڑنے پر سیکورٹی پلان کا از سر نو جائزہ لیا جائیگا

امام بارگاہوں تکیہ خانوں مجالس کی سخت سیکورٹی کیلئے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے ۔

وہاں پر آنیوالوں کی چیکنگ اور جامہ تلاشی کو بھی یقینی بنایا جائیگا اسکے علاوہ پہاڑوں اور میدانی علاقوں میں پولیس ، لیویز اور بلوچستان کانسٹیبلری کے جوانوں کو تعینات کیا جائیگا سیکورٹی انتظامات کو موثر بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائے جائینگے ۔

سیکورٹی اہلکاروں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جرائم پیشہ عناصر کر کڑی نظررکھیں شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ کے نظام کو مزید سخت کیا جائے اور بلوچستان بھر میں یکم محرم الحرام سے شروع ہونیوالی مجالس اور دیگر پروگراموں کو مانیٹر کرنے کیلئے سینٹرل پولیس آفس کوئٹہ میں مرکزی کنٹرول روم قائم کیا جائیگا جو بلوچستان کے تمام اضلاع میں صورتحال کا جائزہ لے گا اور مانیٹر کریگا ۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیس آفیسران اور جوان اپنے فرائض منصبی کو عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کرینگے سیکورٹی پلان کو حتمی شکل دی گئی ہے تاہم ضرورت پڑنے پر اس کا از سر نو جائزہ لیکر اس میں تبدیلی لائی جاسکتی ہے ۔

دریں اثناء ریجنل پولیس آفیسر و ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران کوئٹہ میں 53 امام بارگاہوں 18 تکیہ خانون کے علاوہ 69 مقامات پر پولیس اور فرنٹےئر کور کے 5 ہزار سے زائد جوان ڈیوٹی سرانجام دینگے جلوس کے روٹ پر نصب کئے گئے 50 سی سی ٹی وی کیمروں اور ہیلی کاپٹر سے نگرانی جبکہ عاشورہ کے جلوس کے موقع پر صوبے میں موبائل فون سروس بند رکھنے کیلئے وفاقی وزارت داخلہ کو مراسلہ لکھا گیا ہے ۔

محرم کے موقع پر پاک فوج کی 3 بٹالین اسٹینڈ بائی رکھا گیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یکم محرم الحرام سے 10 محرم کے حوالے سے سیکورٹی انتظامات کے بارے میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر فرنٹےئر کور کے سیکٹر انچارج بریگیڈےئر تصور،غزہ بند سکاؤٹس کے کمانڈنٹ کرنل رب نواز،کمشنر کوئٹہ ڈویثرن امجد علی خان ایف سی میزان سیکٹر کے کرنل محمد اشرف ایس ایس پی آپریشن نصیب اللہ خان، ایس پی سیکورٹی جاوید غرشین سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔

ڈی آئی جی کوئٹہ نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران شہر کے 53 امام باگاہوں 18 تکیہ خانوں میں مجالس منعقد ہونگی انکی سیکورٹی کے حوالے سے سیکورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے

اسکے علاوہ 69 مقامات پر ناکے اور چوکیوں پر جوان تعینات ہونگے حساس امام بارگاہوں کے داخلہ راستوں پر سیکورٹی گیٹ اور تکیہ خانہ جات پر لیڈیز پولیس کانسٹیبل تعینات ہونگی 6 سے 9 محرم کے دوران مختلف مقامات پر علم کے جلوس کے موقع پر سیکورٹی دی جائیگی ۔

7 محرم کا جلوس ناصر العزاء امام بارگاہ کلاں سے اپنے روایتی روٹ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ کلاں اور ناصر العزاء پر اختتام پزیر ہوگا جبکہ 7 اور 9 محرم کے جلوسوں جس میں مچھ سے ہزارہ ٹاؤن بروری یوم عاشورہ میں شرکت کیلئے علیحدہ سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں ۔

ساتویں اور دسویں محرم کے جلوس کی سیکورٹی کے لئے تقریباَََ پانچ ہزار سے زائد پولیس اور ایف سے کے جوان تعینات ہونگے عاشورہ کے جلوس میں شرکت کیلئے گاڑیاں مری آباد 16 ایکٹر میدانی آئینگی اور عاشورہ کا مرکزی جلوس پنجابی امام بارگاہ سے اپنے روایتی روٹ علمدار روڈ پر اختتام پذیر ہوگا روٹ کے راستوں کو خاردار تار، روڈ سپائکس اور قناتوں کے ذریعے بلاک کیا جائیگا ۔

جلوس کے روٹ پر آنیوالی مارکیٹوں دکانوں رہائشی مقامات کا سروے کیا گیا ہے جن کو موجودہ پراپرٹی اور پلازوں سمیت اہل تشیع انجمن تاجران کے نمائندوں کی موجودگی میں سیل کیا جائیگا ڈیوٹی پر مامور پولیس ایف سی اور دیگر محکموں کے ملازمین کو سیکورٹی پاس جاری کئے جائینگے بغیر کارڈ کے کوئی ملازم ڈیوٹی سرانجام نہیں دے سکتا۔

محرم الحرام کے دوران اے ٹی ایف ،آر آر جی اور بی سی کی 2 ہزار سے زائد نفری اندرون بلوچستان کے مختلف اضلاع سے طلب کی جائیگی جبکہ پاک فوج کی 3 بٹالین اسٹینڈ بائے رکھی گئی ہے ۔

ساتویں عاشورہ کے جلوس کی فضائی نگرانی 2 ہیلی کاپٹروں کے ذریعے کی جائیگی جلوس کے روٹ پر آنیوالے پی ٹی سی ایل کیبن لیٹر بکس اور سبیلوں کیلئے لگائے جانیوالے تمام اسٹال کی جدید آلات سے سرچنگ اور سوئپنگ کی جائیگی ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ مٹن مارکیٹ کے ملبے کو محرم سے قبل اٹھا لیا جائیگا جلوس کیلئے وقت مقرر کر دیا گیا تاکہ اپنے مقررہ وقت پر جلوس اختتام پذیر ہوسکے ۔