|

وقتِ اشاعت :   September 22 – 2017

نیویارک: شمالی کوریا نے بحرالکاہل (پیسیفیک) میں ہائیڈروجن بم کا تجربہ کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جنونی قرار دیا ہے۔

شمالی کوریا نے بین الاقوامی پابندیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے بحرالکاہل میں ہائیڈروجن بم کا تجربہ کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے امریکی صدر ٹرمپ کو جنونی شخص قرار دے دیا۔ شمالی کوریا کے وزیر خارجہ ری یونگ ہو نے نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک بحرالکاہل میں انتہائی طاقتور ہائیڈروجن بم کا تجربہ کرسکتا ہے۔

ری یونگ ہو نے انتہائی سخت ریمارکس میں ٹرمپ کو بھونکنے والے کتے سے بھی تشبیہہ دی۔

ادھر شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے امریکی صدر کو جنونی شخص قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات نے شمالی کوریا کے ایٹمی ہتھیار بنانے کے فیصلے کو صحیح ثابت کردیا ہے۔

سرکاری میڈیا پر جاری کردہ بیان میں کم جونگ ان نے کہا کہ ٹرمپ کو اقوام متحدہ میں اپنی حالیہ تقریر کا پورا پورا خمیازہ بھگتنا پڑے گا، ٹرمپ کے بیانات سے ہم خوفزدہ نہیں بلکہ یہ ثابت ہوگیا کہ میں نے جس راستے کا انتخاب کیا وہ درست ہے، ٹرمپ نے پوری دنیا کے سامنے میری اور شمالی کوریا کی توہین کی اور تاریخ کا جارحانہ ترین اعلان جنگ کیا، شمالی کوریا ردعمل میں سخت ترین جوابی کارروائی کرسکتا ہے۔

یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا پر نئی پابندیاں عائد کرتے ہوئے کہا کہ امریکا شمالی کوریا کو مکمل تباہ و برباد کردے گا۔ ٹرمپ نے کم جونگ ان کو ’’راکٹ مین‘‘ بھی کہا کہ جو خودکش مشن پر نکلا ہوا ہے۔

واضح رہے کہ شمالی کوریا نے رواں ماہ کے شروع میں بھی ہائیڈروجن بم کا زیرزمین تجربہ کیا تھا جسے ایٹم بم سے بھی زیادہ طاقتور قرار دیا گیا تھا۔ اس تجربے کی وجہ سے زیر زمین وسیع پیمانے پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔