|

وقتِ اشاعت :   September 25 – 2017

کو ئٹہ :  رکن قومی اسمبلی و پشتونخوا میپ کے مرکزی رہنماء عبدالقہار خان ودان اچکزئی ،سیکرٹری اکبر حسین درانی ، ہمایون درانی اور دیگر کا انسانیت بچاؤ تحریک بلوچستان کا دورہ کیا ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی عبدالقہار ودان نے کہاکہ چیف ایگزیکٹیو انسانیت بچاؤ تحریک بلوچستان ڈاکٹر سید رمضان آغا کا کردار ایک مسیحا کا کردار ہے جو غریب ، بے سہارا اور معاشرے کے ٹھکرائے ہوئے انسانوں کا مفت علاج کے ساتھ ساتھ ان کی ذہنی ، فکری نشوونما کرتے ہیں اور علاج کے ساتھ ساتھ ان کو مختلف قسم کے کھیل اور ہنر بھی سکھائے جاتے ہیں جو آج کل کے دور میں مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن جیسا ہے ۔

آج وہ لوگ جو کل تک برساتی نالوں ، کچرہ دانوں اور قبرستان میں بے یار و مددگار پائے جاتے تھے آج کو ان کو تندرست ، خوش اور بہترین حالات میں دیکھ کر میں بہت خوشی اور فخر محسوس کررہا ہوں ۔ انہوں نے کہاکہ منشیات کے عادی افراد بھی اس معاشرے کا حصہ ہے اگر ان کا اسی طرح سے علاج ہو تو وہ مستقبل میں ایک باعزت اور کارآمد شہری ثابت ہوسکتے ہیں ۔ 

انہوں نے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ انشاء اللہ اس جدوجہد میں اگر ہم سب بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تو وہ وقت دور نہیں جب پورا بلوچستان بہت جلد ڈرگ فری زون بن جائے گا ۔ چیف ایگزیکٹیو انسانیت بچاؤ تحریک بلوچستان ڈاکٹر سید رمضان آغا نے مہمانوں باالخصوص اکبر حسین درانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نشہ کے عادی ایک فرد کا علاج پورے معاشرے اور پوری انسانیت کی علاج کے مترادف ہے کیونکہ ایک نشے کا عادی شخص کسی کا باپ ، کسی کا بیٹا ، کسی کا بھائی اور کسی کا شوہر ہے ۔ 

ان کا علاج اس پورے خاندان اور معاشرے کا علاج ہے لہذا اگر تم تھوڑا سا وقت اور سرمایہ ان بے سہارا اور معاشرے کے دھتکارے ہوئے لوگوں کو دیں تو اس سے ہمیں ذہنی اورروحانی سکون کے ساتھ ساتھ تسکین ملے گا اور ایک خوشحال معاشرے کی تشکیل دے سکے گا ۔ میں اور میری ٹیم اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔