|

وقتِ اشاعت :   September 30 – 2017

میدان کربلا میں نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور ان کے ساتھیوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں 9 محرم الحرام کی مناسبت سے ماتمی جلوس برآمد ہورہے ہیں۔

 

ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں 9 محرم الحرام کی مناسبت سے ماتمی جلوس برآمد ہورہے ہیں۔

کراچی میں 9 محرم الحرام کی مرکزی مجلس نشتر پارک سے برآمد ہوا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسنیہ ایرانیاں کھارادر پہنچے گا، ماتمی جلوس کی سیکیورٹی کے لئے اس کے راستوں کو 2 روز قبل سے ہی بند کردیا گیا ہے۔

کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لئے شہر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور شہر میں موبائل فون سروس بند ہے جب کہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔

اس کے علاوہ رینجرز اور فوج کے دستے بھی الرٹ ہیں جبکہ شہر کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے۔

لاہورمیں 9 محرم الحرام کا مرکزی ماتمی جلوس پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوا جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ خیمہ سادات جین مندر پراختتام پذیرہوگا، شہر بھر میں اس حوالے سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

2 روز کے لئے دفعہ 144 نافذ کرکے ڈبل سواری پرپابندی لگادی گئی ہے اور کئی شہروں میں آج موبائل فون سروس جزوی اور کل مکمل بند رہے گی۔

اسلام آباد میں مرکزی ماتمی جلوس سیکٹر جی سکس میں واقع امام بارگاہ اثنا عشری سے برآمد ہوا جو مقررہ راستوں ہوتا ہوا دوبارہ اسی مقام پر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ہے جبکہ جلوس میں داخل ہونے افراد کی سخت جامع تلاشی لی جارہی ہے۔

کوئٹہ میں 9 محرم الحرام کا ماتمی میکانگی روڈ پر واقع امام بارگاہ ناصر العزا سے برآمد ہوا اور اپنے مقررہ راستوں رواں دواں ہے۔

اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور جلوس کے راستوں کو کسی بھی قسم کی آمدو رفت کے لئے مکمل طور پر بند کردیا گیا تھا۔

پشاور میں علم اور شبہیہ ذوالجناح کا ماتمی جلوس صدر میں امام بارگاہ حسینیہ سے برآمد ہوا اور اپنے روایتی راستوں جی پی او لین اور فوارہ چوک سے ہوتا ہوا واپس امام بارگاہ حسینیہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔