|

وقتِ اشاعت :   September 30 – 2017

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف اور ایم کیو ایم نے متحدہ اپوزیشن کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا جس کا فائدہ حکومت کو ہوگا۔

 

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ 2013 میں تحریک انصاف کے کہنے پر فخرالدین جی ابرہیم کو چیف الیکشن کمشنر لگایا گیا اور چیف الیکشن کمشنر کے کہنے پر ہی نگراں وزیراعظم کو منتخب کیا گیا۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے متحدہ اپوزیشن میں دراڑ ڈال کر اسے توڑ دیا اگر پی ٹی آئی نے اپنا اپوزیشن لیڈر بنانا تھا تو وہ مجھے کہتے میں ان کی خواہش پوری کردیتا لیکن میں کبھی اپوزیشن کو تقسیم نہ ہونے دیتا، اپوزیشن کی تقسیم سے میرا دل بہت دکھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اور ایم کیوایم نے متحدہ اپوزیشن کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا آج بھی ان 2 جماعتوں کے علاوہ تمام دوست میرے ساتھ کھڑے ہیں اپوزیشن کی تقسیم کا براہ راست فائدہ حکومت لے گی۔