|

وقتِ اشاعت :   October 8 – 2017

 کراچی: شہر قائد میں گرمی میں اضافے کے ساتھ ہی 70 سے زائد فیڈر ٹرپ ہوگئے جس کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

 کراچی میں گزشتہ 2 روزسے جاری شدید گرمی کے نتیجے میں اب کے الیکٹرک کے فیڈرز بھی جواب دینے لگے ہیں۔

شہرکے مختلف علاقوں میں کے الیکٹرک کے 70 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے جس کے نتیجے میں لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل، اسکیم 33، نارتھ کراچی، سرجانی، گلشن معمارمیں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

بڑھتی ہوئی گرمی کے باعث شہرکے لوڈ شیڈنگ سے مستثنی علاقوں میں بھی کے الیکٹرک کی جانب سے غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ شروع کردی گئی ہے جب کہ متعددعلاقوں میں فنی خرابی اورکیبل فالٹ بھی عروج پرہے جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ تین سے چار روز کے دوران  کراچی سمیت سندھ، مکران کے ساحلی علاقوں میں دن کے درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔

گزشتہ روزبھی شہرقائد میں جنوب مغربی سمت سے چلنے والی خنک سمندری ہوائیں بند ہوگئیں تھیں جس کے باعث درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔