|

وقتِ اشاعت :   October 13 – 2017

کوئٹہ :  ڈرگ کورٹ بلوچستان کے چیئرمین جناب عبدالمجید ناصر ،ممبران گل عالم خان اور ارسلاء خان سلیمانخیل نے غیر معیاری ،غیر رجسٹرڈ اور زائد المعیاد ادویات کی مقدمات میں نامزد 2میڈیکل سٹور مالکان کو جرم ثابت ہونے پر قید اور جرمانے کی سزائیں سنادی بلکہ 2میڈیکل سٹورمالکان کو عدالت کے روبرو پیش نہ ہونے پر اشتہاری قراردیدیا ۔

اس کے علاوہ 2ادویہ ساز کمپنیوں کے حکام اور 5میڈیکل سٹور مالکان کی عدالت کے روبرو پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے گئے ۔گزشتہ روز ڈرگ کورٹ کوئٹہ کے روبرو غیر رجسٹرڈ ،غیر معیاری ،زائد المعیاد ادویات سے متعلق کیسز کی سماعت ہوئی ۔

تو اس موقع پر عدالت نے بسم اللہ میڈیکل سٹور نیو کلی بنگلزئی سریاب کے مالک محمد اشرف کو جرم ثابت ہونے پر 6ماہ قید اور 50ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائیں عدم ادائیگی جرمانے کی صورت میں ملزم کو ایک ماہ مزید قید بھگتنا ہوگی ۔

عدالت نے سریاب روڈ کے بسم اللہ میڈیکل سٹور کے مالک غلام مصطفی کو بھی جرم ثابت ہونے پر 9ماہ قید اور 70ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائیں عدم ادائیگی جرمانے کی صورت میں ملزم کو مزید قید بھگتنا ہوگی ،دونوں میڈیکل سٹور مالکان ضمانت پر تھے جنہیں حراست میں لیکر جیل منتقل کردیاگیا ۔

عدالت نے فیصل میڈیکل سٹور خروٹ آباد کے مالک سردار اور محمود میڈیکل سٹور کے مالک انور کو عدالت کے روبرو پیش نہ ہونے پر اشتہاری قرار دیدیا اس کے علاوہ ڈرگ کورٹ نے ای فارماسیوٹیکل کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو محمد الیاس ،وارنٹر اسد الیاس ،کوالٹی کنٹرول انچارج محمد اکرم خان ،پروڈکشن انچارج محمد فاروق اور جِل مین فارما سیوٹیکل کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کے محمد امیر شاہ ، محمد عبداللہ ،کوالٹی کنٹرول انچارج عثمان کے عدالت کے روبرو پیش نہ ہونے پر نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے کہ متعلقہ پولیس آئندہ سماعت کے موقع پر ملزمان کو گرفتار کرکے پیش جائے ۔

اس کے علاوہ عدالت نے شاہ زمان میڈیکل سٹور کے مالک شاہ زمان ،زین کلینک اینڈمیڈیکل سٹور کے مالک بلال مصطفی ،بولان میڈیکل سٹور کے سکندر حسین ،علی نور انڈسٹریز کے چوہدری ظہور الہیٰ اور اصغرمیڈیکل سٹور کے کوالیفائیڈ پرسن اصغر علی کے عدالت کے روبرو پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دئیے۔

اس کے علاوہ عدالت نے غیر معیار ،زائد المعیاد اورغیر رجسٹرڈ ادویات کی خرید وفروخت کے مقدمات میں نامزد 2میڈیکل سٹورز مالکان کے خلاف قائم مقدمات پر فیصلے محفوظ بھی کئے ۔