|

وقتِ اشاعت :   October 14 – 2017

 لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی اپنے منشور سے مخالفوں کو شکست دے گی کیونکہ (ن) لیگ اور پی ٹی آئی کا کوئی نظریہ ہے نہ منشور۔

لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے پارٹی رہنماؤں اور گزشتہ انتخابات میں پارٹی ٹکٹ ہولڈرز سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، اس موقع پر پنجاب کی روایتی سیاست اور آئندہ انتخابی لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقاتوں کے دوران آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ انتخابات لڑنے کے خواہشمند امیدوار عام انتخابات کی تیاری کریں، 2013 کے حالات مختلف تھے اب پنجاب میں بھرپور انتخاب لڑیں گے۔ پیپلزپارٹی کا آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی سے مقابلہ ہوگا، ان دونوں جماعتوں کا کوئی نظریہ ہے نہ منشور ہے، پیپلزپارٹی اپنے عوامی منشور کے ساتھ میدان میں اترے گی اور ہم اپنے منشور سے ہی مخالفوں کو شکست دیں گے۔