|

وقتِ اشاعت :   October 17 – 2017

کوئٹہ+اوتھل: مسلح افواج ہر طرح کے داخلی اور خارجی خطرات سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے ،اور قیام امن کیلئے پر عزم ہے،سی پیک منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے ۔

سی پیک منصوبے سے بلوچستان میں خوشحالی آئیگی ،اور ان کام کرنے والوں کو فول پروف سیکورٹی دی گئی ہے ،سی پیک کسی کے خلاف نہیں یہ خطے کو جوڑنے کیلئے ہیں ،اور اس پر کسی کو بھی واویلا کرنے کی ضرورت نہیں ۔

ان خیالات کا اظہار ڈی آئی جی ایف سی ساؤتھ بلوچستان برگیڈیئر سید حیات سلیم باچا نے لسبیلہ یونیورسٹی کے دورہ کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسندملک ہے ،اور ہر طرف امن کے فروغ کا خواہاں ہے بلوچستان کے عوام محب وطن ہے ۔

انہوں نے کہا کہ چند انتہا پسند سوچ کے حامل عناصر مذموم مقاصد میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہونگے ملک کی سلامتی پر کسی بھی قسم کی آنچ نہیں آنے دینگے ،ملک کو کسی بھی بیرونی ممالک سے کوئی خطرہ نہیں ۔

اگرکسی نے حملہ یا دھمکی دینے کی کوشش کی تو پاک فوج اسے منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہے ،سی پیک خوشحالی لائیگی ۔

اس کیلئے بلوچستان کے طلباء و طالبات بھر پور تیاری کرلیں ،کیوں کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل تعلیم یافتہ نوجوانوں سے وابسطہ ہے اور آنے والے وقت میں ملک کی بھاگ دوڑ انہیں ہی سنھبالنی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جو امن پیدا ہوا ہے وہ پاک فوج ،فرنٹیئر کور کی لازوال قربانیوں کا نتیجہ ہے ۔

انہوں نے کہاکہ غیروں کے اکسانے پر بھٹکے ہوئے بلوچ بھائی بڑی تعداد میں واپس آکر قومی دھارے میں شامل ہوچکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ایف سی کے زیراہتمام بیشتر اضلاع میں پبلک سکولز بھی قائم کئے گئے ہیں جس میں بلوچستان کے لوگوں کے بچوں کو بہتر ین تعلیم کے زیو ر سے آراستہ کیا جارہا ہے ۔

اس موقع پر انہوں نے طلباء و طالبات کے سوالات کے جوابات بھی دیئے ،اور انہوں نے لسبیلہ یونیورسٹی کو سیکیورٹی کے حوالے سے مکمل تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی ۔

تقریب سے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر دوست محمد بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لسبیلہ یونیورسٹی میں بہت اہم شعبوں میں تعلیم دی جارہی ہے ،جن میں ڈی ایم،ایگریکلچر،میرین سائنسز سرفہرست ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ یہ بلوچستان کی واحد یونیورسٹی ہے ڈی وی ایم جبکہ پاکستان کی سطح پر میرین سائنسز کی سطح پر ڈگریاں دے رہی ہے ۔

یونیورسٹی نے انتہائی کم مدت میں بہت سی کامیابیاں حاصل کی ہے ،یونیورسٹی میں پی ایچ ڈیز کی بڑی تعداد خدمات سرانجام دے رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حصول تعلیم کیلئے تمام تر توانائیاں صرف کرینگے ،انہوں نے ڈی آئی جی ایف سی بلوچستان حیات سلیم باچا کی آمد کو خوش آئند قرا ردیا۔

اس موقع پر یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر غلام فاروق جیلانی ،رجسٹرار ڈاکٹر احمد نواز کھوسہ ،ایڈیشنل رجسٹرار امان اللہ لاسی ،پروجیکٹ ڈائریکٹر عبدالقادر ونجھو،سیکورٹی آفیسر سعید بلوچ،ڈینز ،ڈائریکٹر ز ،اساتذہ کرام ،ایڈمن آفیسران اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

تقریب میں ڈاکٹر جلال فیض نے اسٹیج کے فرائض سرانجام دیئے ،بعد ازاں ڈی آئی ایف سی ساؤتھ بلوچستان حیات سلیم باچا نے کمانڈنٹ آواران ملیشیاء کرنل جنید اکبر ،میجر نعمان حفیظ اور میجر قاضی محمد ضیاء کے ہمراہ لسبیلہ یونیورسٹی کا تفصیلی دورہ بھی کیا اور اس موقع پرسیکورٹی کے سخت انتظامات بھی کئے گئے تھے۔