|

وقتِ اشاعت :   October 17 – 2017

کو ئٹہ:  گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا کہ صوبے بھر کے عوام بالخصوص دور افتادہ علاقوں کے عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز حاجی بہادر خان کی قیادت میں خالق آباد مستونگ کے وفد سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولتیں تعلیم ، صحت اور پینے کا صاف پانی کے فراہمی کیلئے موجودہ حکومت نے بھر پور اقدامات اٹھائے ہیں جس کے مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم صوبے میں یکساں اور متوازن ترقی پر یقین رکھتے ہیں۔ موجودہ حکومت کی شاندار کار کردگی سے صوبے میں امن و امان کی صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے ۔جس سے صوبے کی مجموعی ترقی و خوشحالی پر مثبت اور تعمیری نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ گورنربلوچستان نے عوام پر زور دیا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ صوبے کی ترقی و خوشحال کیلئے بھر پور کردار ادا کریں ۔

خالق آباد کے عوامی مشکلات کے حل کے حوالے سے گورنر نے کہا ہم نے پہلے بھی کئی ترقیاتی منصوبے فراہم کیے ہیں اور آئندہ بھی ہر ممکن تعاؤن کرتے رئینگے ۔ بعد ازاں گورنر بلوچستان سے قومی اسمبلی کے رکن سردار کمال خان بنگلزئی نے بھی علیحدہ ملاقات کی۔