|

وقتِ اشاعت :   October 20 – 2017

کوئٹہ: گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے صوبے کے مختلف علاقوں گوادر، مستونگ اور کوئٹہ میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی ایک ذہنیت کا نام ہے۔

وقت آپہنچا ہے کہ ہم سب مل کر دہشت او وحشت پر مبنی ذہنیت کے خاتمے کے لئے بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان ومال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔ 

اس ضمن میں انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ وہ صوبے بھر میں دہشت گردی اور تخریب کاری کے ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے فوری اور ٹھوس اقدامات کریں۔

گورنر نے عوام پر زور دیا کہ وہ بحیثیت ذمہ دار شہری کے کسی بھی قسم کے مشکوک سرگرمی، افراد یا اشیاء کی اطلاع فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کریں۔ تاکہ فوری طور پر اس کا سدباب کیا جائے۔ 


انہوں نے کہا کہ صوبے کی پرامن صورتحال اور ترقی کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی اجازت کسی صورت نہیں دی جائے گی اور حکومت ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے گوادر، مستونگ اور کوئٹہ میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے بعد صوبہ بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ دہشت گردی کی حالیہ لہر پر قابو پانے اور ان میں ملوث ملک دشمن عناصر کو کیفر کردا تک پہنچانے کے لئے تمام سیکیورٹی ادارے بھرپور کاروائیاں کریں۔ 

وزیراعلیٰ کی جانب سے آئی جی پولیس، سیکریٹری داخلہ، تمام ڈویژنل کمشنروں،ڈی آئی جیزا ور ڈپٹی کمشنروں کو سیکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے اور سیکیورٹی اداروں کو متحرک، فعال اور مستعد رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 

وزیراعلیٰ نے سیکیورٹی ادروں کے گشت اور نفری میں اضافے کی بھی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف نتیجہ خیز کاروائی کرنا ناگزیر ہوچکا ہے عوام کو دہشت گردوں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔ 

انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں اور محنت کشوں کو نشانہ بنانے والے بزدل دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں اور ان کا ہرصورت قلع قمع کیا جانا چاہئے۔ وزیراعلیٰ نے گوادر میں دستی بم حملے کی مذمت کرتے ہوئے حملے میں متعدد لوگوں کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہاہے کہ سی پیک اور پاکستان کی ترقی کے دشمن بدامنی کے ذریعے ترقی اور خوشحالی کا عمل روکنا چاہتے ہیں تاہم انہیں اپنے مذموم مقاصد میں ناکامی ہوگی۔