|

وقتِ اشاعت :   November 5 – 2017

کوئٹہ:  سابق وزیر اعظم اور سینئر سیاستدان میر ظفر اللہ جمالی نے کہا ہے کہ چیف آف جھالاوان وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی جانب سے گذشتہ دنوں پاک افغان بارڈر سے حراست میں لی گئی خواتین اور بچوں کی باعزت رہائی انتہائی احسن اقدام اور بلوچی روایات کی پاسداری کا شاندار مظاہرہ ہے جسے تمام سیاسی و قبائلی حلقوں کی جانب سے سراہا جارہا ہے ۔

میر ظفر اللہ جمالی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ خان زہری کے آباؤ اجداد نے بھی ہمیشہ بلوچی رسم و رواج اور روایات کی پاسداری کی اور بلوچستان کے عوام اور یہاں کی روایات کے تحفظ کیلئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیااور نواب ثناء اللہ خان زہری نے اپنے آباؤ اجداد کی شاندار روایات کو برقرار رکھتے ہوئے دشمنوں کی خواتین اور بچوں کو بھرپور عزت و احترام دیتے ہوئے ان کے سروں پر دست شفقت رکھا ۔

وزیراعلیٰ جو کہ چیف آف جھالاوان بھی ہیں نے کسی قسم کے دباؤمیں آئے بغیر خواتین ا ور بچوں کی رہائی کیلئے جو اقدامات اٹھائے وہ نہ صرف لائق تحسین ہیں بلکہ اس سے منفی پراپیگنڈہ کے خاتمے کے ساتھ ساتھ ایک اچھی اور قابل تقلید مثال قائم ہوئی ہے ۔

دریں اثناء میر ظفر اللہ خان جمالی نے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے انہیں خواتین اور بچوں کی رہائی پر مبارکباد پیش کی اور ان کے اس اقدام کو بھرپور انداز میں سراہا۔