|

وقتِ اشاعت :   November 9 – 2017

گڈانی: ڈپٹی کمشنر لسبیلہ شبیر احمد مینگل نے شپ بریکنگ یارڈ کے پلاٹ نمبر 54میں بدھ کے روزناکارہ بحری جہاز کی کٹائی کے دوران آتشزدگی کے واقعے کی رپورٹ متعلقہ محکموں کے افسران سے طلب کرلی ہے ۔

بدھ کے روز ڈپٹی کمشنر لسبیلہ شبیر احمد مینگل اور اسسٹنٹ کمشنر حب افتخار احمد بگٹی نے شپ بریکنگ یارڈ کے متاثرہ پلاٹ کا دورہ اور معائنہ کیا اس موقع پر ڈی پی او لسبیلہ عبدالرؤف بڑیچ اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود رہے ۔

دورے کے موقع پر تحصیلدار گڈانی نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ وقوعہ کے فورا بعدمقامی انتظامیہ کی ہدایت پر فائربریگیڈ کے عملے نے بروقت ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے آگ بجھادی ہے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے ۔

ڈپٹی کمشنر لسبیلہ نے اس موقع پر کہا کہ محنت کشوں کے جانوں کا تحفظ متعلقہ سرکاری محکموں اور شپ بریکرز کی ذمہ داری بنتی ہے اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی ، گڈانی شپ بریکنگ یارڈ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کا مقصد اس انڈسٹری کی بہتری اور اس قسم کے حادثات کی روک تھام کے حوالے سے قواعد وضوابط پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے تاکہ محنت کشوں کی سیفٹی کیساتھ شپ بریکرز احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنائیں ۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لسبیلہ نے متعلقہ محکموں کے افسران سے فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ وہ فوری طورپر آتشزدگی سے متعلق اپنی رپورٹ پیش کریں،ڈپٹی کمشنر نے ناکارہ بحری جہاز کی کٹائی کا کام فوری طورپر روک دینے کے احکامامات بھی جاری کئے۔