|

وقتِ اشاعت :   November 11 – 2017

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں حضرت امام حسین ؑ کے چہلم کے جلوسوں کے پرامن ماحول میں انعقاد اور اختتام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جلوسوں کی سیکورٹی اور امن وامان برقرار رکھنے کیلئے موثرحفاظتی اقدامات کرنے پر سیکورٹی فورسز اور انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ 

وزیراعلیٰ نے جلوسوں کے روٹ پر تعینات سیکورٹی اہلکاروں کی خصوصی طور پر تعریف کی ہے وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پولیس ، لیویز ، ایف سی اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے امن برقرار رکھنے اور ارض پاک کے دفاع اور تحفظ کیلئے ہر دم مستعد اور چوکس ہیں اور جانوں کی قربانیاں دیتے ہوئے دہشتگردوں کا جرأت اور بہادری سے مقابلہ کررہے ہیں اور انہیں شکست سے دوچار کررہے ہیں ۔

ہماری سیکورٹی فورسز کے حوصلے پہاڑوں سے بھی بلند ہیں اور دہشتگرد اپنی بزدلانہ کاروائیوں سے انہیں پست نہیں کرسکتے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کی بدولت جلد ملک اور صوبے میں امن قائم ہوگا۔