|

وقتِ اشاعت :   November 13 – 2017

لاہور: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ (ن) لیگ ناکام لیگ ہی رہی ہے اور اب آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی کوموقع ملے گا۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہمارے نظریاتی اختلافات ہیں لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ جمہوریت کو ہرصورت جاری رہنا چاہیے، اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں اور انتخابات بھی وقت پر ہی ہونے چاہئے لیکن پتہ نہیں عمران خان کو قبل ازوقت انتخابات کی کیوں جلدی ہے، شاید وہ ڈرتے ہیں کہ وقت پر الیکشن ہوئے تو وہ ہار جائیں گے۔ 

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ ناکام لیگ ہی رہی ہے ان کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے مردم شماری اور خانہ شماری بھی متنازع بن گئی، نئی مردم شماری میں 60 لاکھ لوگوں کو شمار ہی نہیں کیا گیا وزیراعلیٰ سندھ نے اس حوالے سے بھی لکھے لیکن کوئی جواب نہیں آیا ہمارا مطالبہ ہے کہ مردم شماری کے حوالے سے ہمارے تحفظات دور کئے جائیں۔

چئیرمین پی پی نے کہا کہ کچھ لوگ پیپلزپارٹی کو روکنا چاہتے ہیں لیکن ایسا نہیں ہوسکتا، پی ایس پی، ایم کیوایم اور مشرف جو بھی کرلیں 2018 کے عام انتخابات میں ہمیں جیت سے کوئی دور نہیں کرسکتا۔ مشرف پر غداری اور قتل کے مقدمے ہیں اور وہ عدالتوں سے مفرور قرار دیئے گئے ہیں وہ پہلے اپنے کیسز کا دفاع کریں اور عدالتوں میں پیش ہوں۔