|

وقتِ اشاعت :   7 days پہلے

کوئٹہ: گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے پیر کے روز یہاں گورنر ہاؤس کوئٹہ میں آئین پاکستان کے تحت بلوچستان میں دونئے ہائی کورٹ سرکٹ بینچز خضدار اور لورالائی کے قیام کے حوالے سے نوٹیفکیشن پر اپنے دستخط کردیئے ہیں۔

اس موقع پر ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان امان اللہ کنرانی اور ممبر آف جوڈیشل کمیشن آف پاکستان منیراحمد خان کاکڑ کے علاوہ بلوچستان بار ایسوسی ایشن کے سینئر عہدیداران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ عوام کو سستا اور بروقت انصاف ان کی دہلیز پر فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

نئے ہائی کورٹ سرکٹ بینچز کے قیام سے ایک تو سائلین کے مقدمات کو جلد نمٹانے میں مدد ملی گی اور دوسری جانب عوام کو اپنے قیمتی وقت کے ضیاع اوراخراجات سے چھٹکارا بھی مل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خضدار اور لورالائی سرکٹ بینچز کا قیام موجودہ حکومت کے لئے قابل فخر کارنامہ ثابت ہوگا۔