|

وقتِ اشاعت :   November 18 – 2017

کوئٹہ: مقامی اخبارات کے اشتہارات کی بندش معاشی قتل اورغیر جمہوری عمل ہے ، روزنامہ آزادی، انتخاب، بلوچستان ایکسپریس نے ہمیشہ معیاری وغیر جانبدارانہ صحافت کو ترجیح دیتے ہوئے بلوچستان کے مسائل کو اجاگر کیاجس کی پاداش میں سزا دی جارہی ہے جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ 

ان خیالات کااظہار بی این پی مینگل کے مرکزی رہنماء و سابق رکن قومی اسمبلی عبدالروف مینگل نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ مقامی اخبارات روزنامہ آزادی، انتخاب،بلوچستان ایکسپریس کے اشتہارات کی بندش معاشی قتل اورغیر جمہوری عمل ہے۔

ان اخبارات نے ہمیشہ معیاری وغیرجابندارانہ صحافت کو ترجیح دی۔ ا نہوں نے کہاکہ بلوچستان کے مسائل بہتر انداز میں اجاگر کیا آج اسی کی پاداش میں انہیں اشتہارات کی بندش کے طور پر سزا دی جارہی ہے جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ 

انہوں نے کہاکہ بلوچستان کی تاریخ گواہ ہے کہ روزنامہ آزادی،انتخاب، بلوچستان ایکسپریس کے مدیران نے ہمیشہ بلوچستان کیلئے عملی قربانیاں دیں جس کی نظیر نہیں ملتی اور یہ ہمارے بزرگ ہی نہیں بلکہ سرمایہ ہیں جنہوں نے بلوچستان کی صحافت میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے ان اخبارات کی بندش سمجھ سے بالاتر ہے کیونکہ بلوچستان میں ان اخبارات کے پڑھنے والے سب سے زیادہ ہیں ان اخبارات کے اشتہارات کی بندش سے سب سے زیادہ نقصان ہمارے نوجوان ہوگا کیونکہ ان اداروں کے ساتھ سینکڑوں ملازمین کام کررہے ہیں ۔

بلوچستان میں پہلے سے ہی روزگار کے مواقع نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کا رویہ مقامی اخبارات کے ساتھ غیر جمہوری ہے ہم اس مشکل گھڑی میں مقامی اخبارات کے ساتھ کھڑے ہیں ۔