|

وقتِ اشاعت :   November 19 – 2017

 لاہور: بلوچستان کے علاقے تربت میں قتل ہونے والے پانچوں نوجوان گہرے دوست تھے اوران کا تعلق ایک ہی گاؤں سے تھا۔

تربت میں قتل ہونے والے پانچوں نوجوانوں کی میتیں پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے کراچی سے لاہور پہنچادی گئی ہیں۔

علامہ اقبال ائرپورٹ پر مقتولین کے لواحقین اور سی سی پی او لاہور نے میتیں وصول کیں۔ اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ جاں بحق افراد کی میتیں گجرات میں ان کے آبائی گاؤں روانہ کردی گئی ہیں۔

گجرات سے تعلق رکھنے والے یہ  پانچوں نوجوان گہرے دوست تھے، جو تابناک مستقبل کا خواب آنکھوں میں سجا کر غیرقانونی طریقے سے یورپ جانے کی کوشش کررہے تھے۔ دانش، قاسم ، ثاقب اور عثمان قادر ایک ہی گاوں کھوڑی رسول پورمیں رہتے تھے جبکہ پانچواں دوست بدرمنیر جلال پورجٹاں کا رہائشی تھا۔ ان پانچوں دوستوں کی ایک ساتھ سیلفی بھی سامنے آئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز تربت کے علاقے تاجبان سے 5 افراد کی لاشیں ملیں جنہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا۔ اس سے دو روز قبل بھی تربت کے علاقے بلیدہ سے 15 افراد کی لاشیں ملی تھیں جنہیں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔