|

وقتِ اشاعت :   November 19 – 2017

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے ایک گروپ کا خاتمہ کرتی ہیں تو سرحد پار سے دوسرے دہشت گرد آکر ان کے جگہ لے لیتے ہیں۔

اس صورتحال کے تدارک کے لئے ضروری ہے کہ دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں کا خاتمہ اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھرپور قوت سے کاروائی کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری کو دہشت گردوں اور شرپسندوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور سرچ آپریشنز میں تیزی لانے اور معلومات کے حصول اور تبادلے کے نظام کو تھانوں کی سطح پر مؤثر بنانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ بلاشبہ ہماری سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف متعدد کامیابیاں حاصل کی ہیں اوراب تک بہت سے گروپوں کا خاتمہ کرتے ہوئے متعدد دہشت گردوں کو ٹھکانے لگایا گیاہے۔ تاہم موجودہ صورتحال کا تقاضہ ہے کہ دہشت گردی کی جنگ جیتنے کے لئے لائحہ عمل میں تبدیلی لائی جائے۔

ہم حالت جنگ میں ہیں تو دہشت گردوں کو بھی حالت جنگ میں رکھ کر انہیں محفوظ ٹھکانوں میں بیٹھ کر منصوبہ بندی کرنے کا موقع نہ دیا جائے اور سرحدی علاقوں میں نگرانی کا مربوط نظام قائم کیا جائے۔ 

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارا سامنا ایسے دشمن سے ہے جس کے نزدیک مذہبی واخلاقی اقدار اور انسانی جانوں کی کوئی اہمیت نہیں اور وہ چند ٹکوں کی خاطر اپنے آقاؤں کے اشاروں پر اپنے بھائی کا خون بھی بہا سکتے ہیں اور بہا بھی رہے ہیں ۔

لہٰذا سیکورٹی ادارے معاشرے کے ان ناسوروں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں،اس سے قبل وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری ہفتہ کے روز شہید ایس پی محمد الیاس کی رہائشگاہ گئے جہاں نہوں نے شہید کے بیٹے اور دیگر لواحقین سے انکے پیاروں کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا اور شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری اور ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ 

شہید کے بیٹے سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ واقعہ میں ملوث دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے ائی جی پولیس کو پولیس افسران کو شہید کرنے والوں کے خلاف بھرپور قوت کے ساتھ کاروائی کی ہدایت کی ہے۔ 

ہم اپنے شہدا کے خون کا بدلہ لیں گے شہداء کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور جلد مکمل امن قائم ہوگا اس موقع پر انہوں نے آئی جی پولیس کو شہداء کے لواحقین کیلئے اعلان کردہ پیکج کی فوری ادائیگی کے ساتھ ساتھ انہیں بھرپور معاونت کی فراہمی کی ہدایت کی ۔ 

انہوں نے لواحقین کے صبروتحمل اور عزم و حوصلے کو سراہا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے دہشتگردی کے واقعہ میں زخمی ہونے والی کمسن بچی کو بھی بلوایا اور اسے پیار کیا۔