|

وقتِ اشاعت :   November 19 – 2017

کوئٹہ: پنجگور میں نامعلوم افراد کے دستی بم حملے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق پنجگور کے علاقے چتکان میں بسم اللہ چوک پر نیشنل پارٹی کے کارکنان اور مزدور اتوار کو ہونیوالے جلسے کی تیاریاں کررہے تھے اور اسٹیج بنارہے تھے ۔

اس دوران نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد نے ان پر دستی بم پھینکا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے سے مزدور امیر محمد ولد محمد ابراہیم سلیمان خیل سکنہ گوالمنڈی چوک کوئٹہ معمولی زخمی ہوگیا۔ زخمی کو سول ہسپتال پنجگور میں طبی امداد دی گئی ۔ حملے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔

پنجگور میں نیشنل پارٹی کے دفاتر ، کارکنوں اور رہنماؤں پر اس سے قبل بھی کئی حملے ہوچکے ہیں جن کی ذمہ داری کالعدم علیحدگی پسند تنظیم قبول کرتی رہی ہے،دریں اثناء نیشنل پارٹی کے بیان کے مطابق پارٹی کے جلسے کی تیاریوں کو سبوتاژکرنے کے لیے دو مسلح افراد نے موٹر سائیکل پر آکر شامیانا لگانے والے افراد پر دستی بم پھینکا جس سے ایک مزدور زخمی ہوا جسے علاج کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

یاد رہے کہ پنجگور میں آج بروز اتوار کو نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام جلسے کا اعلان کیا گیا ہے جس میں شرکت کیلئے پارٹی کے صدر وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شیپنگ سینیٹر میر حاصل خان بزنجو ، مرکزی رہنما سابق وزیر اعلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ و دیگر قائدین آج پنجگور پہنچ چکے ہیں جو کل کے منعقدہ جلسے عام میں شرکت کریں گئے۔

نیشنل پارٹی کے بیان میں بم حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ بیان میں کہا گیا کہ نیشنل پارٹی اپنے جاری سیاسی عمل کو کسی صورت بھی معطل نہیں کرے گی آج کا جلسے عام پروگرام کے مطابق ہوگا جس میں پارٹی کارکن و قائدین بھر پور انداز میں شرکت کریں گئے ۔

کسی بھی حملے سے کسی صورت مرعوب نہیں ہونگے ، جمہوری و سیاسی عمل کو جاری رکھا جائے گا، بیان میں کہا گیا نیشنل پارٹی ایک جمہوری و سیاسی جماعت ہے جو بلوچستان کے سیاسی و قومی معاملات کو جمہوری وسیاسی انداز میں حل کی پالیسی پر کاربند ہے۔