|

وقتِ اشاعت :   November 19 – 2017

کوئٹہ : پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صدر سردار یار محمد رند نے دورہ کوئٹہ کے موقع پر وزیر اعظم کی جانب سے 10 سال کے لئے 10 ارب کے پیکج کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کی عوام کو خیرات کے بجائے ان کے جائز حقوق دئیے جائیں ۔

وزیر اعظم کی جانب سے اعلان کردہ پیکج بلوچستان کی عوام سے مذاق کرنے کے مترادف ہے بلوچستان قدرتی سائل و سائل سے مالا مال صوبہ ہے لیکن آج تک بلوچستان کی عوام کو ان کے جائز حقوق سے محروم رکھا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج صوبے میں بیروزگاری ، غربت عروج پر ہے صوبے میں امن و امان کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے صوبے میں بیروزگاری ، غربت اور بدامنی کی ذمہ دار صوبائی حکومت ہے صوبائی حکومت اپنی نااہلی تسلیم کرتے ہوئے فوری مستعفی ہونے کا اعلان کرے ۔

انہوں نے کہا کہ تربت میں 15 افراد کے قتل کے بعد مزید پانچ افراد کی لاشیں ملنا دلخراش واقعہ ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے صوبائی حکومت خواب خرگوش میں ہے جب صوبائی حکومت کو علم ہے کہ یہ علاقے شورش زدہ ہے تو ان علاقوں سے لوگوں کو کیسے غیر قانونی طور پر لے جایا جاتا رہا ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ہر شعبے میں بری طرح ناکام ہوچکی۔