|

وقتِ اشاعت :   November 19 – 2017

کوئٹہ : سیکٹر کمانڈر کوئٹہ بریگیڈئر تصور عباس نے کہاہے کہ امن و امان کے قیام میں فرنٹےئر کورکی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اس لیے بلوچستان کے زیادہ سے زیادہ نوجوان فرنٹےئر کور میں شمولیت اختیار کرکے قومی یکجہتی اور دفاع وطن کی ذمہ داری میں اپنا کردار اداکریں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز فرنٹےئر کور بلوچستان کی61ویں بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈکے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرپریڈ میں تربیت مکمل کر نے والے 249جوانوں نے حصہ لیا۔مہمان خصوصی سیکٹر کمانڈر کوئٹہ بریگیڈئر تصور عباس،پریڈ گراؤنڈ پہنچے تو ایک چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔مہمان خصوصی نے پریڈ کا معائنہ کیا۔

تربیت مکمل کرنے والے جوانوں نے ملک سے وفاداری کا حلف اُٹھاتے ہوئے مادر وطن کی سرحدوں کی دفاع اور اپنی ذمہ داریوں کو پوری لگن اور محنت سے ادا کرنے کا عہد کیا۔مہمان خصوصی نے تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے جوانوں میں انعامات تقسیم کئے۔

بہترین مجموعی کارکردگی کا اعزاز ریکروٹ رضا اللہ نے حاصل کیا۔بہترین چیمپےئن کمپنی کا اعزاززبیر کمپنی کو دیا گیا۔ کمانڈنٹ نوشکی ملیشاء کرنل اظہر علی شیرازی نے تربیت کے مختلف مراحل کے بارے میں تفصیلات بتائیں۔

پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے سیکٹر کمانڈر کوئٹہ بریگیڈئر تصور عباس نے کہا کہ فرنٹےئر کور بلوچستان نہ صرف افغانستان اور ایران سے ملنے والی سرحدوں کی نگہبان ہے بلکہ صوبے کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبودکیلئے صوبائی حکومت کے شانہ بشانہ کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فرنٹیئر کورگزشتہ 40برس سے جوانوں کی بنیادی تربیت اور پیشہ وارانہ مہارت کے حصول میں نہایت اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔فرنٹیئر کورکے تربیت یافتہ افراد آج فرنٹےئر کور کا حصہ بن کر انتہائی کٹھن حالات اور دشوار گزار علاقوں میں اپنے فرائض انتہائی لگن اور جانفشانی کے ساتھ ادا کررہے ہیں۔

انہوں نے آخر میں تربیت مکمل کرنے والے جوانوں کو مبارک باد دیتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ قوم کی توقعات پر پورا اُتریں گے اور محنت،ہمت اور جذبے سے اپنی تمام ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے ادا کریں گے۔

مہمان خصوصی سیکٹر کمانڈر کوئٹہ بریگیڈئر تصور عباس نے پریڈ کے بلند معیار کی تعریف کی اور یقین ظاہر کیا کہ تربیت حاصل کرنے والے جوان فرنٹےئر کوربلوچستان کی روشن روایات کو برقرار رکھیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام میں فرنٹےئر کورکی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اس لیے بلوچستان کے زیادہ سے زیادہ نوجوان فرنٹےئر کور میں شمولیت اختیار کرکے قومی یکجہتی اور دفاع وطن کی ذمہ داری میں اپنا کردار اداکریں۔

تقریب کے آخر میں مارچ پاسٹ ہوا مہمان خصوصی نے سلامی لی ۔تقریب میں لیفٹننٹ صفی اللہ شیہد کے والد محترم کو بطور مہمان خاص مدعو کیا گیا تھا۔تقریب میں قبائلی عمائدین ،معتبرین ،اعلیٰ سول اور فوجی حکام اور تربیت مکمل کرنے والے جوانوں کے والدین کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔