|

وقتِ اشاعت :   November 21 – 2017

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع کیچ میں سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران سولہ غیرملکیوں سمیت18 یرغمالیوں کو بازیاب کرالیا۔ دو ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیاگیا۔ 

سرکاری حکام کے مطابق کیچ (تربت )کے نواحی علاقے رودبن میں غیرقانونی طور پر یورپ جانے کے خواہشمند پنجاب سے تعلق رکھنے والے افراد کو یرغمال بنائے جانے کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیاگیاجس میں ایف سی اور حساس اداروں نے حصہ لیا۔ 

آپریشن میں ایک مکان سے تلاشی کے دوران18یرغمالیوں کو بازیاب کرایاگیا جن میں پندرہ نائیجرین،ایک یمنی باشندہ اور دو پاکستانی شامل ہیں ۔ بازیاب کرائے گئے پاکستانیوں میں شجاع الدین لاہور جبکہ غلام حسین کراچی کا رہائشی بتایا جاتاہے۔

کارروائی کے دوران دو مشتبہ افراد کو بھی گرفتارکیاگیا جبکہ مکان سے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کرلیاگیا۔گرفتار اور بازیاب کرائے گئے افراد کو تربت منتقل کردیاگیا۔ حکام کے مطابق گرفتار افراد سے تربت میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے بیس افراد کے قتل سے متعلق بھی تفتیش کی جارہی ہے۔