|

وقتِ اشاعت :   November 21 – 2017

کوئٹہ: گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے کے تمام اضلاع میں متوازن اور یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے۔

اس ضمن میں صوبے بھر بالخصوص صوبہ بھر کے دورافتادہ علاقوں کے عوام کو تعلیم، صحت اور صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں جس کے مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے رکن صوبائی اسمبلی عارفہ صدیق کی قیادت میں ملنے والے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر نے کہا کہ حتی الامکان میری خواہش اور کوشش رہی ہے کہ محروم اور مظلوم طبقات کے حقوق کے حصول کے لئے ہرممکن کوشش کروں اور ایسے اقدامات اٹھائے جائیں جس سے غریب لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔ 

انہوں نے کہا کہ خانوزئی کے لئے پہلے بھی کئی اسکیمیں فراہم کی ہیں اور آئندہ بھی ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ رکن صوبائی اسمبلی عارفہ صدیق نے گورنر کا علاقہ خانوزئی کے لئے فراہم کردہ ترقیاتی منصوبے اور بالخصوص ایل پی جی پلانٹ کی تنصیب کا شکریہ ادا کیا اور گورنر کو ایل پی جی پلانٹ کے افتتاح کی بھی دعوت دی۔

دریں اثناء گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں عوام کی بڑھتی ہوئی ضروریات اور چائنا پاکستان اقتصادی راہداری جیسے عظیم منصوبوں کے پیش نظر ہمیں بجلی اور پانی سے متعلق قلیل اور طویل المدتی منصوبہ بندی کرنی چاہئے تاکہ ہماری موجودہ اور مستقبل کی ضروریات پوری ہوجائیں۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں متعین چین کے قونصلر جنرل وانگ یو (Mr. Wang Yu) کی قیادت میں وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ جدید دنیا میں توانائی کے متبادل ذرائع پیدا ہوئے ہیں اور یہ امر انتہائی اہمیت کا حامل ہے کہ اگر ان ذرائع کو حاصل کیا جائے جن میں سولرانرجی وبیٹری سے چلنے والی گاڑیاں شامل ہیں تو ہمارے ملک میں معاشی واقتصادی حوالے سے عوام کو بہت بڑا ریلیف مل سکتا ہے۔ 

چین کے پاس اس حوالے سے جدیدی ٹیکنالوجی اور تجربہ موجود ہے۔ اس ضمن میں ہمیں ان کا تعاون درکار ہوگا۔ وہ آئیں اس شعبے میں سرمایہ کاری بھی کریں اور نوجوانوں کو تربیت بھی فراہم کریں تاکہ ہم توانائی کے شعبہ میں خودکفیل ہوسکیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ میں پانی کی کمی اور زیر زمین پانی کی سطح کی کمی کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے چینی ماہرین تعاون فراہم کریں۔ پاک چین دوستی بہت پرانی ہے اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی وتجارتی تعلقات بھی قا ئم ہیں۔ 

اس موقع پر چینی قونصل جنرل نے پاکستان بالخصوص بلوچستان میں صاف پانی کی فراہمی کے شعبے میں اپنے ملک کی جانب سے دلچسپی کا اظہار کیا۔ آخر میں دونوں جانب سے شیلڈز اور تحائف کاتبادلہ ہوا۔