|

وقتِ اشاعت :   November 23 – 2017

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کولاچی میں پاک فوج کی دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کے دوران میجر اسحاق کی شہادت پر دلی رنج و غم اور شہید کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

اپنے ایک تعزیتی بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی جنگ میں دھرتی کے ایک اور سپوت نے جان کا نذرانہ پیش کیا ہے ملک و قوم کی حفاظت کے لیے شہید میجر اسحاق کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے کاروائیاں جاری رہیں گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری بہادر افواج اور دیگر سیکورٹی فورسز کے افسران اور جوان اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر دہشت گردی کی جنگ میں مصروف ہیں، دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے اور بچ جانے والے دہشت گردوں کا خاتمہ کر کے اس جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو اپنے شہداء پر فخر ہے اور قوم ان کی قربانیون کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے ، وزیراعلیٰ نے شہید کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔