|

وقتِ اشاعت :   November 30 – 2017

نیویارک سٹی: امریکا نے کہا ہے کہ  شمالی کوریا پر جنگی جنون سوار ہے اس لیے عالمی برادری اس سے سفارتی اور تجارتی تعلقات توڑ لے۔ 

شمالی کوریا کی جانب سے بیلسٹک میزائل کے حالیہ تجربے کے بعد امریکا اور جاپان کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس ہوا۔ جس میں شمالی کوریا کے میزائل پروگرام پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔

اقوام متحدہ میں امریکا کی مستقل مندوب نکی ہیلے نے کہا کہ شمالی کوریا کو بار بار امن کا پیغام دیا گیا مگر پیانگ یانگ نے امن کے بجائے تباہی کا راستہ چنا ہے۔ اس پر جنگی جنون سوار ہے۔ اگر جنگ ہوئی تو شمالی کوریا کا حکومتی نظام مکمل طور پر تباہ ہوجائے گا۔ عالمی برادری شمالی کوریا سے سفارتی اور تجارتی تعلقات توڑ لے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ایک ٹوئٹ میں شمالی کوریا پر مزید پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم امریکی حکام کی جانب سے اب تک اس کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

واضح رہے کہ شمالی کوریا نے دو روز قبل اپنے نئے بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا اور ماہرین نے تصدیق کی ہے کہ اس میزائل کے کامیاب تجربے کے بعد اب امریکا شمالی کوریا کی زد میں آگیا ہے۔