|

وقتِ اشاعت :   December 6 – 2017

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے خضدار میں ہونے والے کریکر بم دھماکے میں تین افراد کے زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشتگردی کی اس بزدلانہ کاروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جبکہ انہوں نے پولیس اور انتظامیہ کو خضدار شہر میں حفاظتی اقدامات کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کی ہے ۔

وزیراعلیٰ نے زخمیوں کو علاج و معالجہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت بھی کی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سیکورٹی فورسز کی جانب سے جاری کاروائیوں سے بوکھلا کر دہشتگرد عناصر معصوم اور بے گناہ افراد کو دہشتگردی کا نشانہ بنارہے ہیں انکا یہ عمل ناقابل معافی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کاکوئی قوم قبیلہ اور مذہب نہیں وہ صرف چند ٹکوں کی لالچ میں اپنے آقاؤں کے اشاروں پر چلتے ہوئے برادر کشی کررہے ہیں تاہم وہ زیادہ دیر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے اور انہیں جلدکیفرکردار تک پہنچادیاجائے گا۔ 

وزیراعلیٰ نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے سبی ہرنائی ریلوے ٹریک پرکام کرنے والے مزدوروں کے کیمپ پر دہشتگردوں کے حملے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے دہشتگردی کی بہیمانہ کاروائی میں تین مزدوروں کے شہید ہونے پر دلی رنج و غم کااظہار کیاہے۔ 

وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ محنت کشوں ،مزدوروں اور بے گناہ لوگوں کو بربریت کا نشانہ بنانے والے معاشرے کے ناسور اورمجرم اورسخت ترین سزا کے مستحق ہیں۔محنت مزدوری کرنے والوں کا خون بہانے سے نہ تو آزادی حاصل ہوسکتی ہے اور نہ ہی قوم کی ہمدردیاں حاصل کی جاسکتی ہیں بلکہ بلوچستان کے عوام اس قبیح فعل اور اس میں ملوث عناصر کو نفرت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک دشمن قوتیں اپنے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے چند بکے ہوئے عناصر کو استعمال کرکے بد امنی پھیلانا چاہتی ہیں تاہم ان کے ان ناپاک عزائم کو ناکام بنایاجائے گا اور قوم کے مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ 

وزیراعلیٰ نے واقعہ کے شہداء کے لواحقین سے تعزیت او رہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند کرے اور سوگوار خاندانوں کو صبروہمت سے یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔