|

وقتِ اشاعت :   December 7 – 2017

کوئٹہ : بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنا لوجی خضدار کے وائس چانسلر انجینئر محمدامین نے کہاہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں موقع دیا ہے کہ ہم اپنی نئی نسل کے لئے تعلیمی مواقع پیدا کرکے ان کو تعلیمی سہولیات سے مستفید کردیں ۔

آج مجھے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ میں صوبے کے 87طلباء کو اسکالرشپ فراہم کرنے میں کامیاب ہوچکا ہوں ، اور اگلے سال انشاء اللہ یہ تعداد دگنی کردی جائیگی اور اس سے کہی زیادہ طلباء کو اسکالر شپ کی سہولت دی جائیگی ۔

میں چاہتا ہوں کو صوبہ بلوچستان میں شعبہ تعلیم کے لئے اپنی بساط کے مطابق خدمات سرانجام دوں ہماری نئی نسل لکھے پڑھے اور یہ صوبہ تعلیم یافتہ بنے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنا لوجی خضدار میں بلوچستان ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کی جانب سے ایک روزہ ورکشاپ اور اسکالرشپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب میں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر ظہور احمد بلوچ ، بی ای ای ایف کے چیف ایگزیکٹو اور ان کی ٹیم کے دیگر ارکان موجود تھے ۔

اس سے قبل صوبے کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے 87طلباء میں 40لاکھ روپے مالیت کے چیکس تقسیم کیئے گئے ۔ماضی میں اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلباء کی تعداد صرف12تھی جو اب بڑھ کر 87ہوگئی ہے ۔ جب کہ اگلے سال دگنی تعداد میں طلباء کو اسکالرشپ دینے کا بھی اعلان کیا گیاہے ۔

قبل ازیں چیف ایگزیکٹو بی ای ای ایف نے اسکالرشپ اور اپنے ادارے کے حوالے سے شرکاء کو بریفنگ دی ۔بریگیڈیئر (ر) انجینئر محمدامین نے کہاکہ بی ای ای ایف کی کار کردگی قابل ستائش ہے جس نے ہماری خواہش پر صوبے کے اتنی بڑی تعداد میں طلباء کو اسکالرشپ کی سہولت دی ہے ۔

اس اسکالر شپ سے مستحق طلباء اپنی تعلیمی ضروریات پوری کریں گے اور اس اسکالرشپ کے ثمرات کچھ اس طرح برآمد ہونگے کہ ایک پوری کھیپ تعلیم یافتہ بن کر سامنے آئیگا ۔انہوں نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ یہ جو رقم اسکالرشپ کی مد میں آپ کو دی جارہی ہے اور یہ تعلیمی ضروریات کے لئے خرچ کیئے جائیں چونکہ اس رقم میں آپ کے لئے قوم کے افراد کا حصہ شامل ہے ۔

مجھے آج خوشی ہورہی ہے کہ میں اس صوبے کے لئے خدمات سرانجام دینے میں کامیاب ہوچکا ہوں اور انشاء اللہ ان خدمات کو مستقبل قریب میں بھی اسی تسلسل کے ساتھ سرانجام دیتا رہونگا۔ تقریب سے پرو وائس چانسلر انجینئر ظہوراحمد بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ سب کاوشیں وائس چانسلر بی یو ای ٹی انجینئر محمدامین کی ہیں کہ آج جامعہ ہذا کے مستحق طلباء کو اتنی بڑی تعداد میں اسکالر شپ مل رہی ہے اور ماضی میں یہ چیز کبھی بھی دیکھنے میں نہیں آئی ہے۔

اس سے قبل طلبہ کی تعداد انتہائی محدود تھی ۔یقیناًاس طرح خلوص اور نیک نیتی سے ادارے چلتے ہیں ، وائس چانسلر اور متعلقہ ادارے نے اگلے سال دگنا طلباء کو اسکالر شپ دینے کا اعلان کردیا ہے جو کہ صوبے کے طلباء کے لئے مسرت کا مقام ہے ۔۔تقریب میں اساتذہ کرام منتظمین و طلباء موجود تھے ۔۔