|

وقتِ اشاعت :   December 9 – 2017

کوئٹہ: محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن حکومت بلوچستان کے ایک اعلامیہ کے مطابق ڈائریکٹر انفارمیشن (بی۔19) شہزادہ فرحت احمد زئی کو ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز بلوچستان تعینات کیا گیا ہے۔

دریں اثناء محکمہ تعلقات عامہ آفیسرز ویلفیر ایسوسی ایشن نے حکومت بلوچستان کی جانب سے ڈائریکٹر تعلقات عامہ شہزادہ فرحت احمد زئی کی محکمہ کا ڈی جی مقرر کئے جانے کا خیرمقدم کیا ہے۔ 

ایسوسی ایشن کے پریس ریلیز میں حکومت کے اس فیصلے کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ محکمے کے سینئر آفیسر کو ڈی جی مقرر کرنے کا ایسوسی ایشن کا دیرینہ مطالبہ تھا اور حقیقت میں ڈی جی کی آسامی پر محکمے کے سینئر آفیسر کی تعیناتی محکمے کے آفیسران کا بنیادی حق تھا ۔

اس فیصلے سے محکمے کے آفیسران میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور امید ظاہر کی گئی ہے کہ نئے ڈی جی محکمے کے آفیسران کے مسائل کے حل اور محکمے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے میں اپنی صلاحیتوں کو استعمال میں لائیں گے۔ ایسوسی ایشن نے نئے ڈی جی کو اپنی جانب سے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔