|

وقتِ اشاعت :   December 14 – 2017

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ منشیات کے تدارک ، اس لعنت سے اپنے نوجوان نسل کو بچانے اور منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے ساتھ ساتھ انہیں باعزت روزگار کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ 

فلاح انسانیت کی خدمت کرنا عظم کام ہے حکومت فلاحی ادارروں کی معاونت ہمیشہ جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسانیت بچاؤ تحریک بلوچستان سینٹر کے دورے کے موقع پر کیا ۔ صوبائی وزراء سردار اسلم بزنجو، میر سرفراز بگٹی، عبیداللہ بابت اور آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ 

وزیر اعلیٰ نے سینٹر کا معائنہ کیا اور زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان سے فرداً فرداً بات چیت کی۔ انسانیت بچاؤ تحریک پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر سید رمصان آغا نے وزیر اعلیٰ کو سینٹر کے بارے میں بریفینگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں900منشیات کے عادی زیر علاج افراد ہیں جن میں 85فیصد نوجوان شام ہیں ۔

ادارہ اپنے وسائل کے مطابق منشیات کے عادی افراد کے علاج معالجے اور انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے اور انہیں باعزت شہری بنانے کیلئے کوششیں کر رہا ہے۔ ا س موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنا ہم سب کا فرض ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کے لئے نہ صرف فلاحی اداروں کی معاونت کر رہی ہے بلکہ حکومتی سطح پر مربوط حکمت عملی اختیار کی گئی ہے تاکہ ہم اپنی نوجوان نسل کو تباہی سے بچا سکیں اور انہیں پھر سے باعزت شہری بناسکیں۔ 

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ منشیات کے عادی افراد کے علاج معالجے اور انکی بحالی کے بعد انہیں با وقار روزگار فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اس سلسلے میں حکومت منشیات کے عادی افراد کے لئے خصوصی طور پر آسامیاں مختص کریگی۔ 

انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت انسانیت بچاؤ تحریک بلوچستان اور دیگر اس جیسے اداروں کو ہر ممکن معاونت فراہم کریگی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی منشیات کے عادی افراد کو بحالی سینٹروں منتقل منتقل کیا جائے اور اس انسانیت دشمن کاروبار سے وابستہ عناصر کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔