|

وقتِ اشاعت :   December 15 – 2017

 واشنگٹن: امریکا نے ایک بار پھر ایران پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب کے شہروں پر جن میزائلوں سے حملہ کیا گیا وہ ایران نے فراہم کیے تھے۔

واشنگٹن میں ایک پریس کانفرنس کے دوران اقوام متحدہ میں امریکا کی مستقل نمائندہ نکی ہیلی کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ یمن سے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے شہروں کو جن میزائلوں سے نشانا بنایا وہ ایران نے فراہم کیے تھے، نکی ہیلی نے واشنگٹن کے فوجی اڈے پر صحافیوں کو میزائل کی باقیات دکھاتے ہوئے کہا کہ ایران ہتھیاروں کے پھیلاؤ سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل نہ کرکے خلاف ورزی کا مرتکب ہورہا ہے۔

اس سے قبل اقوام متحدہ کے اہلکاروں نے سعودی عرب کا دورہ کیا جہاں انہوں نے میزائل کے ٹکروں کا جائزہ لیا اور تحقیقاتی رپورٹ میں کہا کہ حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر حملے کے لیے داغے گئے میزائلوں کی ساخت یکساں ہیں۔ ان کے ٹکروں پر ایرانی کمپنی شاہد بغیری انڈسٹریل گروپ کے لوگو سے ملتا جلتا نشان تھا جسے اقوام متحدہ بلیک لسٹ کر چکی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض اور شہر خمیس مشیط پر یمن سے میزائل حملہ کیا گیا تاہم سعودی سیکیورٹی فورسز نے حملوں کو ناکام بنادیا تھا۔