|

وقتِ اشاعت :   December 16 – 2017

کوئٹہ : پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے پشتونوں اور بلوچوں کے نام پر ووٹ لیکر ان کے حقوق کی سودا بازی کر دی گئی ۔

پشتونستان بنانے والے آج پنجاب کے حکمرانوں کا سہارا لیکر کوئٹہ میں جلسہ منعقد کرتے ہیں اسلام پرستوں نے بھی اسلام کے نام پر ووٹ لیکر عوام کے مسائل حل نہیں کئے آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی اقتدار میں آکر عوام کے تمام بنیادی مسائل حل کریں گے سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کے اے ٹی ایم کو بند کرکے تحریک انصاف کو تباہ و بربادی سے دوچار کیا ۔

آج عمران خان جہازوں میں گھومنے پھرنے کے بجائے اب گاڑیوں کا سہارا لیکر جلسہ منعقد کریں گے جہانگیر ترین کی نااہلی سے ثابت ہو گیا کہ تحریک انصاف کرپٹ لوگوں کا ٹولہ ہے ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر میر علی مدد جتک ‘ صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی ‘ پارٹی کے مرکزی رہنماء لالہ یوسف خلجی ‘ ثناء جتک ‘ ملک یونس خلجی ‘ ربانی خلجی اور ماسٹر خان خلجی نے کچلاک کلی پوٹی ناصران میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا پارٹی کے صوبائی صدر میر علی مدد جتک نے کہا کہ جن لوگوں نے پشتونوں اور بلوچوں کے نام پر سیاست کرکے یہاں کے بلوچوں اورپشتونوں کو پسماندگی سے دوچار کیا ۔

اقتدار میں آنے کے بعد بھی بلوچوں اور پشتونوں کے تقدیر نہیں بدلی بولان تا چترال صوبہ بنانے والے گلستان تک محدود ہوگئے اور گلستان کو گیس کی منظوری دیکر پشتونوں کے حقوق کو پامال کردیاگیا 1993ء میں پشتونوں اور بلوچوں کو لڑانے والوں نے پونم بناکر اپنے عزائم کو تکمیل کیا ۔

آج پشتونوں اور بلوچوں کے خون کا سودا کرنے والوں نے اقتدار میں آکر اپنی روایات کو پامال کیا انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اس ملک کی غریب عوام کی جماعت ہے اور اقتدار میں آکر پشتونوں ‘ بلوچوں اور یہاں کے محکوم اقوام کے لئے جدوجہد کریں گے ۔

پیپلزپارٹی نے سندھ میں پشتونوں کیساتھ شناختی کارڈ کے نام پر ناروا عمل رکھنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی اور آصف علی زرداری کی ہدایت پر سندھ حکومت نے پولیس کو خبردار کیا کہ بلوچستان کے پشتونوں اور بلوچوں کو شناختی کارڈ کے نام پر تنگ نہ کیا جائے مگر جن لوگوں نے پشتونوں کے نام پر ووٹ حاصل کرکے اقتدار میں آئے آج وہ پشتونوں کے حقوق کی بات نہیں کررہے ۔

آج ہم یقین دلاتے ہیں کہ پیپلزپارٹی اقتدار میں آکر عوام کی بھرپور خدمت کرے گی اور یہاں کے بنیادی مسائل کو حل کریں گے انہوں نے کہا کہ پشتونوں کی ایک اپنی روایات ہیں اور وہ اپنی روایت کے مطابق جو بھی فیصلہ کرتے ہیں اس کی پاسداری بھی کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر ووٹ لینے والوں نے بھی اسلام کا نعرہ لگا کر اسلام آباد تک پہنچے اور یہاں کے عوام کے مسائل کو حل کرنے پر ترجیح نہیں دی اب واحد پیپلزپارٹی ہے جب اقتدار میں آکر عوام کی بھرپور خدمت کرے گی ۔