|

وقتِ اشاعت :   December 16 – 2017

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے سپریم کورٹ کی جانب سے حدیبیہ پیپر ملز کیس دوبارہ کھولنے کی اپیل مسترد کئے جانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے انصاف کی فتح اور شریف خاندان کیخلاف سازشیں کرنے والوں کو شکست ہوئی ہے۔

قبل ازیں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے شواہد نہ ہونے کی بناء پر حدیبیہ پیپر ملز کیس دوبارہ کھولنے کی نیب کی درخواست متفقہ طور پر مسترد کردی۔نواب زہری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حدیبیہ پیپر ملز کیس دوبارہ نہ کھولنے کے فیصلے نے واضح کردیا ہے کہ شریف خاندان اور خاص طور پر نواز شریف کیخلاف سازش کرنیوالوں کے پاس اپنے الزامات کو ثابت کرنے کیلئے کوئی شواہد موجود نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سازشی عناصر کا واحد مقصد جمہوری نظام کو کمزور کرنا اور قوم کو ترقی کی اس راہ سے ہٹانا ہے جس پر نواز شریف اور مسلم لیگ( ن) کی حکومت نے ملک کو ڈال دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سازشی عناصر کو سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے سے سبق حاصل کرنا چاہیے اور جمہوریت کیخلاف سازشیں ترک کرکے موجودہ حکومت کے ساتھ مل کر ملک کو جمہوریت ،ترقی اور امن کی راہ پر آگے بڑھانا چاہیے۔

علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے عمران خان اور جہانگیر ترین کیخلاف نااہلی کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے جس میں جہانگیر ترین کو نااہل قرار دیا گیا ہے جبکہ پی ٹی آئی کو غیر ملکی فنڈنگ کے معاملے کا تعین کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کو ریفر کیا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سب کو عدالتی فیصلے کا احترام کرنا چاہیے۔