|

وقتِ اشاعت :   December 18 – 2017

صنعاء: یمن میں حوثی باغیوں نے سعودی فورسز سے لڑائی سے انکار پر اپنے 30 جنگجوؤں کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی سرحد جیازن کے قریب یمنی ضلع میدی میں حوثی باغیوں نے اپنے 30 ساتھیوں کو مخالفین کے خلاف لڑنے سے انکار پر موت کے گھاٹ اتار دیا۔

عرب میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ مقتولین کو یمن کی سرکاری فوج اور عرب اتحاد کے خلاف ہتھیار نہ اٹھانے کی سزا دی  گئی، مقتولین نے عرب اتحاد کے حق میں ہتھیار ڈالنے کی کوشش کی تھی۔

خیال رہے کہ ضلع میدی کو سعودی سرحد کے قریب ہونے کی وجہ سے حوثی باغیوں کے لیے اہم محاذ سمجھا جاتا ہے تاہم اس علاقے کو باغیوں سے واگزار کرانے کے لیے عرب فوجی اتحاد اور یمنی سرکاری فوج  حوثی ملیشیا کے خلاف پے در پے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب حوثی باغیوں کے زیر قبضہ نشریاتی ادارے ’المیسرہ‘ نے باغیوں کے ہاتھوں اپنے ہی ساتھیوں کے قتل پر کوئی بیان جاری نہیں کیا اور نہ اس واقعہ کی تردید کی ہے۔