|

وقتِ اشاعت :   December 27 – 2017

کوئٹہ : بلوچستان نیشنل پارٹی کے قائد سردار اختر جان مینگل نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام پسماندگی ، معاشی اور معاشرتی مسائل کا شکار ہیں ، تعلیم یافتہ نوجوان بیروزگاری کی عفریت کا شکار ہیں حکمران عوام کی مشکلات کا ازالہ کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علمائے پاکستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری سید ظہور الحق شاہ کی قیادت میں وفد سے خاران ہاؤس میں ملاقات کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ملک عبدالولی کاکڑ ، ملک نصیر احمد شاہوانی بھی موجود تھے ۔

انہوں نے کہا کہ وسائل سے مالا مال صوبے کے باسی کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں آئندہ انتخابات میں بلوچستان کے مفادات کو محور بنا کر انتخابی عمل کا حصہ بنیں گے مسائل کے حل کیلئے شعوری بنیادوں پر جدوجہد ناگزیر ہے ۔

ملاقات میں ملک و سیاسی صورتحال پر غور و خوض کیا گیا آئندہ انتخابات کے حوالے سے باہمی روابط کو مزید تیز کرنے اور مستقبل میں اتحاد کے حوالے سے بھی جدوجہد پر اتفاق کیا گیا تاکہ بلوچستان میں مثبت سیاسی سوچ کو فروغ دیا جا سکے ۔

پارٹی قائد نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہم بلوچستان کے حق حاکمیت و حق ملکیت کی جدوجہد کو دوام دیں اور سیاسی جہد کو تیز کریں جس کا مقصد یہی ہے کہ ہم معاشرے میں سیاسی و فکری جہد کے ذریعے عوام کی امنگوں کے مطابق سیاسی جدوجہد کو پروان چڑھائیں عوام کے مسائل بڑھتے جا رہے ہیں ۔

اس لئے کوشش ہے کہ آئندہ انتخابات اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں موجودہ حکمران عوام کی خدمت کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں حکمرانوں اپنے گروہی ذاتی مفادات کو زیادہ ترجیح دی عوام پسماندہ بدحال ، معاشی اور معاشرتی مسائل سے دوچار ہیں اس موقع پر جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے وفد میں سید فرید الحق شاہ ، محمد عمران مینگل و دیگر بھی موجود تھے –