|

وقتِ اشاعت :   December 28 – 2017

کابل: افغان دارالحکومت میں یکے بعد دیگرے 2 خود کش حملوں میں 3 صحافیوں سمیت 40 افراد ہلاک جب کہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں یکے بعد دیگرے 2 خودکش دھماکوں میں اب تک 40 افراد ہلاک جب کہ 50 سے زائد زخمی ہوئے۔ افغان میڈیا کے مطابق پہلا خودکش دھماکا برچی کے علاقے میں واقع ایک خبر ایجنسی کے دفتر کے  باہر ہوا جس میں 3 صحافیوں سمیت 10 افراد  ہلاک ہوگئے، دھماکے کے فوری بعد کابل میں ہی واقع ایک ثقافی مرکز کو نشانہ بنایا گیا جس میں 9 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، دھماکے کے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا تاہم مزید 21 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

افغان وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ دونوں دھماکوں کے نتیجے میں 50 سے زائد افراد زخمی ہیں جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی۔