|

وقتِ اشاعت :   December 29 – 2017

کوئٹہ: ڈیرہ بگٹی میں بارودی سرنگ دھماکے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ کیچ میں نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کرکے ایک بھائی کو قتل اور دوسرے کو زخمی کردیا۔جبکہ بولان میں گیس پائپ لائن دھماکے سے تباہ کردی گئی جس سے کئی علاقوں کو گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔ 

لیویز کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی کے علاقے دلبر مٹ میں موٹر سائیکل بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس سے موٹر سائیکل سوار سید خان ولد وشال خان جاں بحق ہوگیا۔ شبہ یہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے کہ موٹر سائیکل سوار بارودی مواد لے کر جارہا تھا اور موٹر سائیکل سے گرنے کے باعث دھماکا ہوا تاہم علاقہ دور دراز ہونے کی وجہ سے اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ 

ادھرکیچ کی تحصیل زعمران میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک بھائی جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ لیویز ذرائع کے مطابق دونوں افراد پنجگور سے مال مویشی غیر قانونی طریقے سے اسمگل کرکے ایرانی ساختہ دو ہزاری گاڑی کے ذریعے ایران لے جارہے تھے۔ 

راستے میں پنجگور اور کیچ کے سرحدی علاقے کیچ کی تحصیل زعمران میں بسد کے مقام پر نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کردی۔اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں سوار دو بھائی عنایت اللہ اور یحییٰ ولد قادر بخش زخمی ہوگئے۔ 

بعد ازاں عنایت اللہ دم توڑ گیا۔ دونوں افراد کا تعلق پنجگور کے علاقے وشبود سے بتایا جاتا ہے۔ زخمی کو ہسپتال منتقل کردیاگیا۔ زخمی شخص نے بتایا ہے کہ نامعلوم ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کی۔ یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ فائرنگ کس نے کی۔

دوسر ی جانب جمعرات کی صبح ضلع کچھی( بولان) کے علاقے بھاگ میں نامعلوم افراد نے بختیار آباد سے شوران جانے والی پائپ لائن کے ساتھ دھماکا خیز موا د نصب کر رکھا تھا۔ دھماکے سے پائپ لائن کے تقریباً ڈیڑھ فٹ حصے کو نقصان پہنچا اور شوران سمیت متعدد علاقوں کو گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔