|

وقتِ اشاعت :   December 31 – 2017

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع ژوب میں پاک افغان سرحد کے قریب سیکورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں جھڑپ کے نتیجے میں دو سیکورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔سیکورٹی فورسز نے دہشتگردوں کو محاصرے میں لے لیا۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق پاک افغان سرحد سے ملحقہ ژوب کے علاقے گل کچھ میں سمبازہ کے مقام پر ایف سی اور حساس ادارے نے دہشتگردوں کی موجودگی پر ایک غار کو گھیرے میں لیا۔ اس دوران غار میں موجود دہشتگردوں نے سیکورٹی اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی جس سے صوبیدار سمیت دو اہلکار شہید ہوگئے۔

اہلکاروں کی شہادت کے بعد کوئٹہ اور ڈیرہ اسماعیل خان سے اضافی نفری طلب کرلی گئی۔ آپریشن میں ہیلی کاپٹرز کی مدد بھی حاصل کی گئی۔ دہشتگردوں اور فورسز کے درمیان رات تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔

شہید اہلکاروں کی شناخت حساس ادارے کے صوبیدار شوکت اور ایف سی 104 ونگ کے سپاہی نجیب اللہ ولد محمد یوسف مری سکنہ کوہلو کے نام سے ہوئی ہے۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد میتیں آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئیں۔ نماز جنازہ میں ضلعی انتظامیہ، پاک فوج، ایف سی کے آفیسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔