|

وقتِ اشاعت :   January 1 – 2018

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع واشک میں بغیر اجازت شکار کرنے پر تین غیر ملکی شکاریوں سمیت پانچ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ۔پانچ شکاری باز بھی برآمد کرلئے گئے۔

لیویز کے مطابق واشک کی سب تحصیل شاہو گیری میں لیویز نے تین غیر ملکیوں سمیت پانچ افراد کوگرفتار کرلیا جو بغیر این او سی تلور نامی پرندے کا شکار کررہے تھے۔

گرفتار ہونے والوں میں دبئی سے تعلق رکھنے والے تین عرب شیوخ اور ان کے دو پاکستانی ملازمین شامل ہیں ۔

گرفتار افراد سے پاسپورٹ ،نقدی اور دیگر دستاویزات سمیت پانچ شاہین بھی پکڑے گئے جو شکار میں استعمال کئے جاتے ہیں۔ 

لیویز ذرائع کے مطابق گرفتاری دبئی کے شیخ خلیفہ کے ملازمین کی نشاندہی پر کی گئی ہے جنہیں واشک میں حکومت پاکستان کی جانب سے شکار کھیلنے کا اجازت نامہ ملا ہے ۔

شیخ خلیفہ کیلئے واشک میں کیمپ لگادیا گیا ہے وہ آئندہ چند دنوں میں شکار کھیلنے آئیں گے۔