|

وقتِ اشاعت :   January 2 – 2018

کوئٹہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے بلیلی میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر 3 نامعلوم دہشت گردوں کا حملہ فائرنگ اور خودکش حملہ کے نتیجے میں 12 سیکورٹی اہلکار شدید زخمی ہوگئے جن میں سے 2 کی حالات تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔

ایک خودکش حملہ آور نے اپنے آپ کو اڑا دیا جبکہ 2 حملہ آور سیکورٹی فورسز کی فائرنگ سے مارے ہلاک ہونے والے حملہ آوروں کے قبضے سے دستی بم کلاشنکوف اور دیگر اسلحہ ایمونیشن برآمد کر لیا خودکش حملہ کی اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز بم ڈسپوزل اسکواڈ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ۔

سیکورٹی فورس کے عملے نے علاقے کو گھیرے میں لیکر زخمیوں کو کمبائنڈ ملٹری ہسپتال منتقل کر دیا تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب کوئٹہ کے نواحی علاقے کوئٹہ چمن شاہراہ پر واقع بلیلی چیک پوسٹ کے قریب سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر تین 3 نامعلوم دہشت گردوں نے حملہ کردیا اور جدید ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کی ۔

سیکورٹی فورسز کے حملہ نے بھی جوابی کارروائی کی اس دوران ایک خودکش حملہ آور نے چیک پوسٹ کے قریب پہنچ کر اپنے آپ کو اڑا لیا جس سے 12 سیکورٹی اہلکار شدید زخمی ہوگئے جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔

سیکورٹی فورسز کے حملہ نے جوابی کارروائی کے دوران فائرنگ کے نتیجہ میں 2 حملہ آور مارے گئے جن کے قبضے سے سیکورٹی فورسز کے عملے نے دستی بم کلاشنکوف اور دیگر اسلحہ ایمونیشن برآمد کرکے قبضہ میں لے لیا ۔

سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کی اطلاع ملتے ہی فرنٹیئر کور پولیس بم ڈسپوزل اسکواڈ سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا زخمیوں کو فوری طورپر کمبائنڈ ملٹری ہسپتال منتقل کردیاگیا ۔

سیکورٹی فورسز کے عملے نے علاقہ کا محاصرہ کرکے کارروائی شروع کردی ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز کے عملے نے علاقے کو گھیرے میں لینے کے بعد پولیس سمیت دیگر کو جائے وقوعہ کے قریب نہیں آنے دیاگیامزیدکارروائی پولیس کررہی ہے ۔

سول ڈیفنس کے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر ہونے والے خودکش حملے کے بعد علاقے کو کلیئر قرار دیتے ہوئے بتایا ہے کہ خودکش حملہ میں 8 سے 10 کلوگرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا ۔

سول ڈیفنس بلوچستان کے ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بلیلی چیک پوسٹ کے قریب غزہ بند روڈ پر سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر خودکش حملے کے بعد علاقے کو کلیئر قرار دیاگیا ہے اور جائے وقوعہ سے فرانزٹ شواہد اکٹھے کرلئے گئے ہیں جنہیں ایگزامینشن کے لئے بھیجا جائے گا ۔

گورنر بلوچستان محمدخان اچکزئی نے بلیلی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کی بروقت کارکردگی کو سراہاہے جن کی فوری جوابی کاروائی۰ کے نتیجے میں دوحملہ آور موقع پرہلاک ہوگئے ۔

گورنر بلوچستان واقعہ میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی دعاکی اور تمام ممکنہ طبی سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت کی ۔انہوں قانون نافذکرنے والے اداروں کو اپنی فعالیت مذید بہتر بنانے اور عوامی مقامات پر کسی بھی ممکنہ واقعہ سے ہوشیار رہنے اور تمام ممکنہ حفاظتی اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے بلیلی کے علاقے میں سیکورٹی چیک پوسٹ پر خود کش دھماکے کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں فرنٹیرکور کے اہلکاروں کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیاہے جبکہ سیکورٹی فورسز کی بروقت جوابی فائرنگ سے دو دہشت گردوں کی ہلاکت پر اطمینا ن کا اظہار کر تے ہوئے سیکورٹی اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کی۔

اپنے ایک مذمتی بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردوں کا سیکورٹی اہلکاروں اور معصوم لوگوں کو نشانہ بنانا قابل نفرت عمل ہے جن کا ان سے حساب لیا جائیگا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بزدلانہ حملوں سے دہشت گر ددہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے اور انہیں بہت جلد اپنے منطقی انجام پر پہنچایا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کی بروقت کاروائی سے حملہ آوروں کا مارا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا مورال بلند ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ دھماکے میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کی گرفتاری کیلئے کوئی کسر اٹھانہ رکھی جائے اور دہشت گرد حملوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کی جائے۔

دھماکے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔