|

وقتِ اشاعت :   January 2 – 2018

کوئٹہ+چمن: پاک افغان سرحدی شہر چمن میں مال روڈ پر ضلعی پولیس سربراہ کے زیر تعمیر دفتر کے قریب یکے بعد دیگرے دو بم دھماکوں میں تین سیکورٹی اہلکاروں سمیت سات افراد زخمی ہوگئے۔ کوہلو میں امن فورسز کی کارروائی میں کالعدم تنظیم کا مبینہ سہولت کار مارا گیا ۔ 

پنجگور میں سیکورٹی فورسز کی چوکی پر راکٹ حملہ کیاگیا۔پولیس کے مطابق پیر کی صبح قلعہ عبداللہ کے علاقے چمن میں مال روڈ پر زیر تعمیر عمارت کے قریب زوردار دھماکا ہوا جس کی زد میں آکر راہ گیر چمن کے علاقے گلدار ہ باغیچہ کا رہائشی غلام محمد زخمی ہوگیا۔ 

دھماکے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایف سی اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس اہلکار جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کررہے تھے اس دوران دوسرا دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں پولیس اور ایف سی کے تین اہلکاروں سمیت مزید چھ افراد زخمی ہوگئے۔ 

زخمیوں میں ایف سی اہلکار محمد عالم ،پولیس سپاہی محمد اسلم ،سپاہی جلال الدین اور شہری عبدالقدیر،نقیب اللہ اورعبدالشکور شامل ہیں۔ دھماکے سے پولیس کی ایک گاڑی، موٹر سائیکل اور ایک رکشے کو بھی نقصان پہنچا۔ زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال چمن منتقل کردیاگیا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

پولیس کے مطابق پہلا دھماکا ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے زیر تعمیر اور اسپیشل برانچ کے دفتر کے قریب بجری کے ڈھیر میں چھپائے گئے ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیاگیا جبکہ دوسرا دھماکا فورسز کے اہلکاروں کے جمع ہونے کے بعد ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے کیاگیا۔ 

دھماکوں کے بعد دھماکے کے بعد پولیس اور ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور مال روڈ کو ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا گیا۔پولیس نے دونوں دھماکوں کے مقدمات نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلئے گئے ۔مقدمات میں انسداد دہشتگردی،دھماکا خیز مواد ایکٹ اور اقدام قتل کی دفعات لگائی گئی ہیں۔ 

واقعہ کے بعد سیکورٹی اہلکاروں نے قریبی علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کردیا ۔واقعہ کے بعد شہر میں سیکورٹی اورپاک افغان سرحد پر چیکنگ سخت کردی گئی۔ادھر ڈیرہ بگٹی اور کوہلو کے درمیانی علاقے جنت لی میں قبائلی امن فورس نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو ہلاک کردیا۔

ہلاک ہونیو الے شخص کی شناخت فردین ولد بہادو لوہارقوم میکانی مری کے نام سے ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ قبائلی امن فورس کے اہلکاروں نے29دسمبر کو بیکڑ کے علاقے مالم میں بارودی سرنگ دھماکے میں مولوی غلام محمد کی ہلاکت کے بعد پاؤں کے نشان لے کر فردین کے گھر پہنچے تھے۔

امن فورس کے اہلکاروں نے بارودی سرنگ بچھانے والے کالعدم تنظیم کے ملزمان کی معاونت کے الزا م میں فردین کو گولیاں مار کر قتل کردیا ۔ادھر پنجگور کے علاقے پروم میں سنامعلوم افراد نے ایف سی کی چیک پوسٹ پر ایک راکٹ گولہ داغا جو چیک پوسٹ کے قریب کھلے میدان میں گر کر دھماکے سے پھٹ گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔چمن میں نامعلوم ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک بھائی جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ 

پولیس کے مطابق چمن کے علاقے بوغرہ روڈ پر منی پٹرول پمپ پر مسلح ڈاکوؤں نے ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک بھائی جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ زخمی کو ہسپتال منتقل کردیاگیا جہاں اس کی حالت بھی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔