|

وقتِ اشاعت :   January 8 – 2018

امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے سربراہ مائیک پومپیو نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کر رہا ہے اور ہم نے امداد بند کر کے اسلام آباد کو ایک موقع دیا ہے۔

معروف امریکی پروگرام ’فیس دی نیشن‘ میں پاکستان سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں سی آئی اے کے سربراہ مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ میں پاکستان کے حوالے سے امریکا کی پالیسی پر تو گفتگو نہیں کروں گا لیکن انٹیلی جنس چیف کی حیثیت سے اس حوالے سے ضرور بات کروں گا۔

مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ پاکستان مسلسل ان دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کر رہا ہے جو امریکا کے لیے خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو آگاہ کر دیا ہے کہ اب یہ سب قابل قبول نہیں ہوگا۔

پاکستانی امداد کی کٹوتی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ ایسا کر کے ہم نے پاکستان کو ایک موقع فراہم کیا ہے، اگر اسلام آباد نے مسائل پر قابو پالیا تو ہمیں ان کے ساتھ تعلقات کو آگے لے کر چلنے میں خوشی ہو گی اور اگر پاکستان نے ایسا نہیں کیا تو ہم امریکا کا تحفظ کریں گے۔

سی آئی اے چیف نے مزید کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ وہ چاہتے ہیں پاکستان ان دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کا خاتمہ کرے جو امریکا کے لیے خطرہ ہیں۔