|

وقتِ اشاعت :   January 8 – 2018

کراچی: رضویہ سوسائٹی میں واقع سرکاری بینک کے گارڈ نے ساتھی کی مدد سے 25 لاکرز توڑ کر لاکھوں روپے مالیت کے زیورات لوٹ لئے۔

کراچی کے علاقے رضویہ سوسائٹی میں واقع سرکاری بینک کے گارڈ نے اپنے ساتھی کی مدد سے بینک میں رکھی جیولری لوٹ لی۔

ایس ایس پی کراچی وسطی کا کہنا ہے کہ بینک کے لوکرز میں موجود نقدی محفوظ رہی تاہم گارڈ نے اپنے ساتھی کی مدد سے 25 لاکرز توڑ کر تمام طلائی زیورات لوٹ لئے اور موقع سے فرار ہوگیا۔ نقب زنی کی واردات میں ملوث گارڈ صرف 3 روز قبل ہی بینک میں نوکری کے لئے آیا تھا اور اسے ایک نجی کمپنی کی معرفت سے نوکری دی گئی تھی۔ ملزمان نے چوری کی واردات میں گیس سیلنڈر اور لوہے کے راڈ استعمال کئے تاہم خوش قسمتی سے بینک لاکرز میں موجود نقدی محفوظ رہی۔

حکام نے بتایا کہ نجی کمپنی کی انتظامیہ سے گارڈ سے متعلق کوائف حاصل کر لئے گئے ہیں جن کی تصدیق کی جارہی ہے۔ جب کہ بینک میں موجود دوسرے گارڈ کو حراست میں لے کر ملزمان کی تلاش کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔