|

وقتِ اشاعت :   January 12 – 2018

کوئٹہ: بلوچستان کے نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی آج وصول اور جمع کرائے گئے۔

بلوچستان صوبائی اسمبلی سیکریٹریٹ کے ایک اعلامیے کے مطابق ہفتہ 13 جنوری کو صبح 10 بجے منعقد ہونے والے بلوچستان صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔

اس سلسلے میں کاغذات نامزدگی برائے انتخاب وزیراعلیٰ بلوچستان آج صبح 9 بجے تا سہ پہر3 بجے تک سیکریٹری اسمبلی کے دفتر سے حاصل کیے اور جمع کرائے گئے۔

صوبے میں نئے قائد ایوان کے لیے مسلم لیگ (ق) کے عبدالقدوس بزنجو نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے۔

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی جانب سے دو امیدواروں لیاقت آغا اور عبدالرحیم زیارتوال نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

بلوچستان اسمبلی میں نواب ثناء اللہ زہری کو وزیراعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دینے پر مجبور کرنے والے مسلم لیگ (ن) کے ناراض اراکین اور (ق) لیگی ارکان صوبائی اسمبلی نے گزشتہ روز نئے وزیراعلیٰ کے لیے عبدالقدوس بزنجو کو اپنا امیدوار نامزد کیا تھا۔

اس سے قبل نئے وزیراعلیٰ بلوچستان کے لیے مسلم لیگ (ن) کی طرف سے ممکنہ طور پر جان محمد جمالی اور صالح بھوتانی کے نام سامنے آ رہے تھے۔

تاہم جان محمد جمالی نے ناراض لیگی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کے رہنما عبدالقدوس بزنجو وزیراعلیٰ بلوچستان کے لیے ہمارے متفقہ امیدوار ہیں۔

یاد رہے کہ رواں ہفتے نواب ثناء اللہ زہری نے اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش ہونے سے قبل ہی وزیراعلیٰ بلوچستان کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔