|

وقتِ اشاعت :   January 12 – 2018

کوئٹہ :  پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کیخلاف جمع ہونیوالے عدم اعتماد کی تحریک روز اول سے ہی منصوبہ بند سازش تھی اور ہے اور اس کا مقصد ملک میں غیر جمہوری قوتوں کی جانب سے ملک میں وفاقی پارلیمانی جمہوری نظام اور جمہوریت کی بساط لپیٹنے کی سازش ہے۔

ان عوام دشمن غیر جموری سازش کو پائے تکمیل تک پہنچانے کیلئے ہمارے غریب پشتون بلوچ صوبے کے اسمبلی کو تحلیل کرکے شروع کرنا مقصود ہے اور اسمبلی تحلیل کرنے کے اس مقروہ نفرت آمیز اور عوام دشمن جمہوریت دشمن عمل کی شروعات ہمارے غریب صوبے سے کرنے کی نشاندہی ان تمام سیاسی جمہوری پارٹیوں قوتوں کو ہم نے روز اول سے کی تھی جن پارٹیوں نے اس غیر جمہوری تحریک عدم اعتماد میں حصہ لیااور اس کی حمایت کی ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس عدم اعتماد کی تحریک کو جمہوری عمل کا حصہ کہنے والے کئی رہنماؤں نے الیکٹرونک میڈیا پر ایسے غیر جمہوری سازشوں اور ان کے منفی اثرات اور نتائج کا خود ذکر کیا تھا اور اب عوام کی حق حکمرانی کا حق چھیننے کے ذمہ دار وہی رہنماء اور پارٹیاں ہیں ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اب الیکٹرونک میڈیا اور اخباری بیانات کے ذریعے کرپشن کے نام پر واویلا کرنیوالوں نے ساڑھے چار سال تک صوبائی اسمبلی کے ریگولر اجلاسوں اور اسمبلی کے مختلف محکموں کے کمیٹیوں میں کسی ایک کیس کی بھی نشاندہی نہیں کی تھی اور نہ ہی کسی سکینڈل کو اسمبلی فلور پر دکھانے کی ہمت ہوئی۔

صوبے میں انٹی کرپشن محکمہ ، وزیر اعلیٰ کے انسپیکشن ٹیم سمیت موجودمختلف اداروں سے رجوع نہیں کیا گیا

بلکہ حقیقت یہ ہے کہ سازش پر مبنی عدم اعتماد کی تحریک کی حمایت اور اس کے نتیجے میں صوبے اور ملک میں پیدا ہونیوالے بحران کی ذمہ داری اور عوام کی حق حکمرانی پر حملہ کرنے کی اپنے ؑ غیر جمہوری اور مقروہ عمل کو چھپانے کیلئے اخبارات اور میڈیا پر تکیہ کےئے ہوئے ہیں جس کو سختی سے مسترد کرتے ہیں ۔

بیان میں زور دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تمام سیاسی ، جمہوری، وطن دوست ،عوام دوست سیاسی پارٹیوں ، سیاسی قوتوں،آزاد الیکٹرونک وپرنٹ میڈیا اور باشعور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ جمہوریت ، اس کی دفاع اور ملک میں جمہوری سیاسی نظام کو بچانے کیلئے جس طرح روز اول سے بالخصوص اسلام آباد کے ڈی چوک کے جمہوریت دشمن منصوبوں کو تمام جمہوری سیاسی جمہوری پارٹیوں نے ناکام بنایا تھا اب ہمارے پشتون بلوچ غریب عوام کے صوبائی اسمبلی پر ہونیوالے حملے کو ناکام بنانا بھی تمام سیاسی جمہوری پارٹیوں اور قوتوں کا فریضہ ہے ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمارا غریب صوبہ ہمیشہ اصولی جمہوری وطن دوست ، عوام دوست سیاست ، جدوجہد ، قربانیوں اور غیور باہمت جمہوری لوگوں کا مسکن رہا ہے اب غیر جمہوری قوتیں جس سازش کے تحت اسمبلی کی تحلیل کا جمہوریت دشمن ، عوام دشمن اور مقروہ کام کرنا چاہتے ہیں تو یہ غیر جمہوری قوتیں یہ کام دوسرے صوبوں سے بھی کرسکتے ہیں۔

جبکہ اسمبلی کی تحلیل کی سازش کا واویلا اب وہ پارٹیاں اور افراد بھی کررہے ہیں جنہوں نے عدم اعتماد کی تحریک کو کامیاب بنانے کیلئے کروڑوں روپے لیکر تقسیم کےئے تھے ۔

لہٰذا اس مشترکہ پشتون بلوچ صوبے کے غیوراور باشعور عوام بھی اپنے حق حکمرانی ،جمہوریت اور اس کے دفاع ،پارلیمنٹ کی بالادستی ، آئین وقانون کی حکمرانی قائم رکھنے اور انہیں مزید مستحکم بنانے کیلئے جاری جدوجہد کا ساتھ دیتے ہوئے ۔

اس خاص صورتحال کا ادراک کرے اور اپنے صوبے اوراس کے تمام عوام کی سب سے بڑی نمائندہ اور بااختیار فورم صوبائی اسمبلی کے خلاف ہونیوالی سازشوں کو ناکام بنانے اور جمہوری وغیر جمہوری قوتوں کی کشمکش میں ماضی کی طرح جمہوری قوتوں کا ساتھ دیکر آواز بلند کرے۔